انگلینڈ کیخلاف 2ٹیسٹ کیلئے جنوبی افریقا کی 13رکنی ٹیم کا اعلان کردیا گیا

ہفتہ 12 دسمبر 2015 12:49

انگلینڈ کیخلاف 2ٹیسٹ کیلئے جنوبی افریقا کی 13رکنی ٹیم کا اعلان کردیا ..

جوہانسبرگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔12دسمبر۔2015ء)جنوبی افریقا نے انگلینڈ کے خلاف ابتدائی دوٹیسٹ میچز کیلئے تیرہ رکنی ٹیم کا اعلان کردیا۔ بھارت سے سیریز ہارنے کے باوجود ہاشم آملاکپتان برقرار رہیں گے۔ عمران طاہر،سائمن ہارمراورڈین ویلاس ڈراپ ہوگئے۔ ڈی ویلیئرز وکٹ کیپنگ کی اضافی ذمہ داری نبھائیں گے۔ایلسٹرکک کی قیادت میں انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم جنوبی افریقا پہنچ گئی۔

انگلش ٹیم پروٹیز دیس میں چار ٹیسٹ، پانچ ون ڈے اور دو ٹی ٹوئنٹی میچز کی مکمل سیریز کھیلے گی۔ انگلش کپتان ایلسٹرکک ناتجربہ کار میزبان بیٹنگ کا ایکسپوز کرکے سیریز جیتنے کیلئے پراعتماد ہیں۔ جنوبی افریقا نے ابتدائی دوٹیسٹ کیلئے تیرہ رکنی ٹیم کا اعلان کردیا۔پہلا ٹیسٹ چھبیس دسمبر سے ڈربن اور دوسرا دو جنوری سے کیپ ٹاون میں کھیلا جائے گا۔

(جاری ہے)

بھارت سے تین صفر کی شکست کے باوجود ہاشم آملا کپتان برقرار ہیں۔ لیکن لیگ اسپنر عمران طاہر، اسپنر سائمن ہارمر اور ڈین ویلاس ڈراپ ہوگئے۔ بیٹسمین ریلی روسو نے جنوبی افریقا ٹیم میں کم بیک کیاہے۔ اضافی بیٹسمین شامل کرنے کی خاطر سینئر بیٹسمین ڈی ویلیئرز وکٹ کیپنگ کی اضافی ذمہ داری بھی نبھائیں گے۔ ستیان وان زیل اورتیماباووما ٹیم میں شامل ہیں۔ جبکہ فٹنس کی بحالی پر فاسٹ بولر ڈیل اسٹین کی واپسی بھی ہوئی ہے۔ڈین پیڈٹ ٹیم میں شامل واحد اسپنر ہے جن کی معاونت آل راونڈر جین پال ڈومینی کریں گے۔