پاکستان اے نے انگلینڈ لائنز کو تیسرے ٹی 20 انٹرنیشنل میں 4 وکٹوں سے ہرا دیا

ہفتہ 12 دسمبر 2015 13:02

پاکستان اے نے انگلینڈ لائنز کو تیسرے ٹی 20 انٹرنیشنل میں 4 وکٹوں سے ہرا ..

دبئی ۔ 12 دسمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔12دسمبر۔2015ء) پاکستان اے نے شرجیل خان کی طوفانی بیٹنگ کی بدولت انگلینڈ لائنز کو تیسرے ٹی 20 انٹرنیشنل میں 4 وکٹوں سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں 2-1 کی سبقت حاصل کر لی۔ گرین شرٹس نے انگلش ٹیم کی طرف سے دیا گیا 143 رنز کا ہدف آخری اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ شرجیل خان نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 70 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا، انہیں مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

سعد نسیم 33 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بلے باز رہے۔ گزشتہ روز دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے سیریز کے تیسرے ٹی 20 انٹرنیشنل میں انگلینڈ کے کپتان جیمز ونس نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، انگلش ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 142 رنز بنائے، لیم ڈاؤسن نے 45 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

(جاری ہے)

دیگر بلے بازوں میں ڈیوڈ ملان 35 ، بین فوکس 16 ، سیم بلنگز 15 اور ٹام ویسلے 13 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

پاکستان اے کی طرف سے بلال آصف اور رومان رئیس نے دو، دو جبکہ میر حمزہ اور محمد نواز نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ جواب میں پاکستان اے نے ہدف اوپنر شرجیل خان کی شاندار بیٹنگ کی بدولت 19.4 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ شرجیل خان نے 50 گیندوں پر 70 رنز کی اننگز کھیلی جس میں ایک چھکا اور آٹھ چوکے شامل تھے۔ سعد نسیم نے آخر میں 33 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ سٹیون فن نے 4 اور جمی اورٹن نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔

متعلقہ عنوان :