پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سندھ کے عوام کو ثقافتی دن کی مبارکباد

ہفتہ 12 دسمبر 2015 19:33

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 دسمبر۔2015ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سندھ کے عوام کو آج وادی سندھ سے جنم پانے والے شاندار اور عظیم ثقافت کا دن منانے پر مبارکباد دی ہے، بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سندھو سبھیتا کی ثقافت اور ورثہ کو منانے کے لیے سندھ کے عوام کی جانب سے منعقد ہونے والی تقریبات انہیں شاندار ماضی اور حال سے منسلک کرتی ہیں اور ساتھ ساتھ یہ تقریبات صدیوں سے ہماری ثقافت کی جانب سے دوسری ثقافتوں کو برداشت کرنے اور امن کا اظہار بھی ہیں، بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ سندھ شاہ لطیف، سچل ، سامی اور ان جیسے دوسرے صوفی بزرگوں کی سرزمین ہے جنہوں نے امن ، آشتی اور بھائی چارے کا درس دیا ہے، انہوں نے کہا کہ شاندار ثقافتی ورثہ اور شاہوکار معیشت ہونے کے باوجود سندھ نے کبھی بھی کسی پڑوسی پر حملہ نہیں کیا یہی تاریخ میں انسانی برداشت کی علامت ہے، بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سندھ کا عوام نسلوں تک اپنے شاندار ثقافتی ورثہ کی پیروکاری کرتے ہوئے دنیا میں امن، آشتی اور پیار کے گیت اور پیغام بانٹتا رہے گا۔

متعلقہ عنوان :