سندھ حکومت کی جانب سے رینجرز کو اختیارات نہیں دینا صوبے کو سول وار کی طرف دھکیلنے کے مترادف ہے،پیرپگارا

سندھ کی موجودہ صورت حال خطرناک ہے،رینجرز کے اختیارات کے معاملے کو فوری طور پر حل کرنا ہوگا ،سربراہ مسلم لیگ (فنکشنل)کی میڈیا سے بات چیت

ہفتہ 12 دسمبر 2015 19:33

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 دسمبر۔2015ء)پاکستان مسلم لیگ (فنکشنل) کے سربراہ اور حروں کے روحانی پیشوا پیرصبغت اﷲ شاہ راشدی پیرپگارا نے کہا ہے کہ سندھ کی موجودہ صورت حال خطرناک ہے ۔سندھ حکومت کی جانب سے رینجرز کو اختیارات نہیں دینا صوبے کو سول وار کی طرف دھکیلنے کے مترادف ہے ۔رینجرز کو اختیارات دینے کے معاملے کو فوری حل کرنا ہوگا ۔

فوج اور رینجرز لوٹی ہوئی قومی دولت واپس لانا چاہتے ہیں تو یہ اچھی بات ہے ۔مخدوم امین فہیم سے دیرینہ تعلقات تھے ۔ان کے انتقال کے بعد خالی ہونے والی نشست پر مسلم لیگ (فنکشنل) اپناامیدوار نہیں لائے گی ۔سانگھڑ میں حالات اتنے خراب نہیں تھے کہ وہاں پر بلدیاتی انتخابات ملتوی کیے جاتے ۔سانحہ درازہ شریف کی تحقیقات سے مطمئن ہوں ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کااظہارا نہوں نے ہفتہ کو مخدوم ہاؤس میں صوبائی وزیر مخدوم جمیل الزماں سے ان کے والد مخدوم امین فہیم کی وفات پر تعزیت کرنے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔

پیر پگارا نے مخدوم جمیل الزماں سے تقریباً دو گھنٹے ملاقات کی ۔ملاقات میں انہوں نے مخدوم امین فہیم کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی اور تعزیت کا اظہار کیا ۔بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پیر پگارا نے کہا کہ رینجرز نے کراچی میں آپریشن کرکے شہر کی رونقوں کوبحال کیا ہے ۔رینجرز کا آپریشن جرائم پیشہ عناصر کے خلاف ہے ۔سب لوگ رینجرز کے آپریشن کو سراہتے ہیں ۔

رینجرز نے کراچی میں بدامنی کو کنٹرول کیا ہے ۔سندھ حکومت رینجرز کو اختیارات نہیں دے رہی ہے اس سے صورت حال خطرناک ہورہی ہے ۔اگر رینجرز کو سندھ سے ہٹایا گیا تو صوبہ سول وار کی طرف جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ کرپشن کے پیسے دہشت گردی میں استعمال ہوئے ہیں ۔صوبے میں پانچ سال میں اتنی کرپشن کی گئی ہے کہ جتنی گزشتہ 20برس میں نہیں کی گئی ۔ہم قیام امن اور دہشت گردی کے خلاف وفاق کی پالیسیوں کی حمایت کرتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ کراچی آپریشن جاری رہے اور رینجرز کو اختیارات ملیں ۔

انہوں نے کہا کہ فوج اور رینجرز لوٹی ہوئی دولت کو واپس لاناچاہتی ہیں جو کہ اچھی بات ہے ۔انہوں نے کہا کہ بدامنی کوجواز بنا کر سانگھڑ میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کیے گئے ۔سانگھڑ میں کوئی کشیدگی نہیں ہے ۔سانگھڑ میں بلدیاتی انتخابات فوری کرائے جائیں ۔انہوں نے کہا کہ سانحہ درازہ شریف خیرپور کے حوالے سے جو تحقیقات جاری ہیں اس سے مطمئن ہوں ۔

وزیراعلیٰ سندھ نے ان تحقیقات میں کوئی مداخلت نہیں کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ مخدوم امین فہیم میرے دیرینہ دوست تھے ۔ان سے طویل عرصہ رفاقت رہی ۔ان کے انتقال پر ان کے بیٹے سے تعزیت کے لیے آیا ہوں یہ میرا اخلاقی فریض ہے ۔مخدوم امین فہیم کی وفات سے جو نشست خالی ہوئی ہے اس پر مسلم لیگ (فنکشنل)اپنا امیدوار نہیں لائے گی ۔پیر پگارا نے مخدوم امین کی سیاسی اور جمہوری خدمات کو سراہا ۔انہوں نے کہا کہ امین فہیم میرے دوست تھے اور ہمارا مخدوم خاندان سے تعلقات کا سلسلہ ماضی کی طرح جاری رہے گا ۔مخدوم جمیل الزماں نے کہا کہ پیر پگارا ہمارے بڑے ہیں ۔ان کے آنے سے مجھے حوصلہ ملا ہے ان سے رہنمائی حاصل کرتا رہوں گا ۔