رینجرز کو اختیارات نہ دینے میں سندھ حکومت کی بد نیتی شامل ہو سکتی ہے،عابد شیر علی

کراچی آپریشن کسی جماعت کے خلاف نہیں،یہ آپریشن ملک کی سالمیت اور دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے ہے،بلیک میلنگ کر کے آپریشن رکوایا نہیں جا سکتا،ہم پاکستانی افواج کے ساتھ ہیں،وزیر مملکت پانی و بجلی کی میڈیا سے گفتگو

اتوار 13 دسمبر 2015 15:33

رینجرز کو اختیارات نہ دینے میں سندھ حکومت کی بد نیتی شامل ہو سکتی ہے،عابد ..

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔13 دسمبر۔2015ء) وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی کا کہنا ہے کہ کراچی آپریشن کسی جماعت کے خلاف نہیں اور رینجرز کو اختیارات نہ دینے میں سندھ حکومت کی بد نیتی شامل ہو سکتی ہے۔فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عابد شیر علی کا کہنا تھا کہ کراچی اپریشن کسی سیاسی جماعت کے خلاف نہیں اور نہ ہی کسی ایک جماعت کو ٹارگٹ کیا جا رہا ہے، یہ آپریشن پاکستان کی سالمیت اور دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ صرف کراچی نہیں پورے ملک میں دہشت گردوں کو انجام تک پہنچائیں گے، آخری دہشت گرد کی موجودگی تک خلاف جنگ جاری رہے گی۔وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ کراچی میں رینجرز کے اختیارات میں توسیع نہ کرنے کے معاملے میں سندھ حکومت کی بدنیتی شامل ہو سکتی ہے، اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ بلیک میلنگ کر کے کراچی آپریشن کو رکوا دیا جائے گا اور رینجرز کی تذلیل کی جائے گی تو حکومت ایسا ہرگز نہیں ہونے دی گی، ہم پاکستانی فورسز کے ساتھ کھڑے ہیں۔