آئی ایم ایف سے مذاکرات ناکام،اسحاق ڈار نے ایف بی آر سے رپورٹ طلب کر لی

ایف بی آر کو مکمل تیاری کرنے کی ہدایت، پاکستان کی معاشی کارکردگی پر ایک مفصل رپورٹ تیار کرنے کا بھی فیصلہ 18 دسمبر کو آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کا اہم اجلاس ہوگا، 502 ملین ڈالر کی قسط جاری کرنے پر بھی غور کیا جائے گا

اتوار 13 دسمبر 2015 18:03

آئی ایم ایف سے مذاکرات ناکام،اسحاق ڈار نے ایف بی آر سے رپورٹ طلب کر ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔13 دسمبر۔2015ء) آئی ایم ایف سے مذاکرات کی ناکامی پر وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ایف بی آر سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ آئی ایم ایف نے پاکستانی معیشت کے نویں جائزہ مذاکرات کیلئے تیاری شروع کر دی ہے۔ 18 دسمبر 2015ء کو آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کے اہم اجلاس میں 6.3 ارب ڈالر مالیت کے ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسبلٹی قرض پروگرام کے تحت اکتوبر تا دسمبر تک کی دوسری سہہ ماہی کے دوران پاکستانی معیشت کا نواں جائزہ واشنگٹن میں مکمل کیا جائے گا۔

ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسبلٹی کے تحت 502 ملین ڈالر کی قسط جاری کرنے پر بھی غور کیا جائے گا۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ سے مذاکرات کیلئے ایف بی آر کو مکمل تیاری کرنے کی ہدایت کر دی ہے اور پاکستان کی معاشی کارکردگی پر ایک مفصل رپورٹ تیار کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف کے وفد نے گزشتہ ہفتہ وار مذاکرات میں ریونیو کی شارٹ فال پر تحفظات کا اظہار کیا تھا اور دوسری سہہ ماہی میں بھی مزید ریونیو شارٹ فال میں اضافے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نے سنگل سٹیج ٹیکس اور 502 ملین ڈالر کی قسط کو ریونیو کے اہداف کو حاصل کرنے سے مشروط کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق چیئرمین ایف بی آر نثار محمد خان نے وزیر خزانہ کو دوسری سہہ ماہی کے ریونیو اہداف حاصل نہ ہونے کا خدشہ ظاہر کر دیا ہے۔ یاد رہے رواں مالی سال کا پہلے چھ ماہ میں 1390 ارب روپے کا ریونیو اکٹھا کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے جبکہ نومبر کے آخر تک صرف 1046 ارب روپے اکٹھا کیا جا سکا ہے اور دسمبر کے ماہ میں 344 ارب روپے اکٹھا کرنا ناممکن دکھائی دے رہا ہے۔

دوسری سہہ ماہی میں 100 ارب روپے ریونیو شارٹ فال کا امکان ہے۔ آئی ایم ایف پروگرام کے تحت پاکستان معاشی اہداف حاصل کرنے کا پابند ہے اور جنوری 2016ء میں مزید ٹیکس لگانے کیلئے نیا منی بجٹ بنایا جائے گا۔ یاد رہے رواں مالی سال کا ریونیو ٹارگٹ 3104 ارب روپے رکھا گیا ہے جبکہ ابھی تک صرف 1046 ارب روپے اکٹھا کئے جا سکے۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے چیئرمین ایف بی آر سے سنگل سٹیج ٹیکس حوالے سے مذاکرات میں ناکامی وجوہات طلب کر لی ہیں اور آئی ایم ایف اہم تحفظات بارے تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کے احکامات بھی جاری کی گئی ہے