وزیر اعظم نوا زشریف شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس میں شرکت کیلئے (کل) 2 روزہ دور ے پر چین روانہ ہونگے

وزیر اعظم چینی ہم منصب سمیت دیگر ممالک کے سربراہان سے ملاقاتیں بھی کریں گے

اتوار 13 دسمبر 2015 20:34

وزیر اعظم نوا زشریف شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس میں شرکت کیلئے ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔13 دسمبر۔2015ء) وزیر اعظم محمد نوا زشریف شنگھائی تعاون تنظیم کے 14 ویں سربراہ اجلاس میں شرکت کیلئے (کل) پیر کو 2 روزہ دورہ پر چین روانہ ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق (کل ) پیر کو وزیر اعظم نواز شریف 2 روزہ دورے پر چین جائیں گے۔وزیراعلی پنجاب شہباز شریف ، احسن اقبال اور طارق فاطمی بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہونگے ۔

وزیر اعظم شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔ چین کے شہر چنگ ژو میں ہونے والا ایس سی او سربراہ حکومت کی کونسل کا یہ 14 واں اجلاس ہے۔ اس تنظیم کا قیام 2001ء میں عمل میں لایا گیا جس کا بنیادی مقصد رکن ممالک کی سلامتی کو یقینی بنانا ہے۔ چین ‘ قازقستان ‘ کرغزستان ‘ روس ‘ تاجکستان اور ازبکستان تنظیم کے مستقل رکن ہیں۔

(جاری ہے)

رواں سال اوفا میں سربراہ اجلاس میں پاکستان اور بھارت کو بھی مستقل رکن بنانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ دونوں ممالک کو تنظیم کے آئندہ سربراہ مملکت اجلاس میں مستقل رکنیت دی جائے گی۔ اس اجلاس کے موقع پر وزیر اعظم نوا زشریف کی چینی ہم منصب سے بھی ملاقات ہو گی۔ اجلاس میں قازقستان ‘ کرغزستان ‘ روس ‘ تاجکستان اور میزبان ملک چین کے وزیر اعظم شرکت کریں گے۔

افغانستان ‘ ایران ‘ بھارت ‘ بیلا روس اور منگولیا کے نمائندے بھی اجلاس میں شریک ہوں گے جبکہ ازبکستان کے نائب وزیر اعظم اجلاس میں شرکت کریں گے۔ شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں دہشت گردی اور انتہاء پسندی کے مشترکہ خطرات سے نمٹنے کا ایجنڈا سرفہرست ہے۔ رکن ممالک کے درمیان معیشت اور تجارت پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا اور ٹرانسپورٹ اور عوامی سطح پر رابطوں کے فروغ پر بھی بات چیت ہو گی۔

متعلقہ عنوان :