شہر میں انسداد پولیو کا دوسرا مرحلہ شروع، 10 لاکھ بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف مقرر

اتوار 13 دسمبر 2015 20:53

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔13دسمبر۔2015ء) کراچی میں انسداد پولیو مہم کا دوسرا مرحلہ شہر کے تین اضلاع جنوبی، وسطی اور کورنگی میں اتوار کو شروع ہو گیا جبکہ پہلا مرحلہ ضلع ملیر، شرقی اور غربی میں 9 دسمبر کو شروع ہوا تھا جو 12 دسمبر کو مکمل ہو چکا ہے۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق مہم کی نگرانی کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی کی سربراہی میں قائم انسداد پولیو ٹاسک فورس کر رہی ہے، مجموعی طور پر تینوں اضلاع میں 10 لاکھ 15 ہزار 62 بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

کمشنر کراچی کی صدارت میں روزانہ ٹاسک فورس کا اجلاس ان کے دفتر میں منعقد کیا جا رہا ہے جس میں ہر روز کی کارکردگی کا جائزہ لیا جاتا ہے اور دوسرے روز کی منصوبہ بندی کی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

اتوار کو شروع کی گئی مہم میں جنوبی میں دو لاکھ 82 ہزار 744، کورنگی میں تین لاکھ 86 ہزار 540 اور وسطی میں تین لاکھ 45 ہزار 778 بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

جائزہ اجلاس میں ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے کوآرڈینیٹر عثمان چاچڑ، سینئر ڈائریکٹر ہیلتھ ظفر اعجاز، عالمی ادارہ صحت، یونیسیف، بل گیٹس فاؤنڈیشن اور روٹری کے نمائندے، ڈپٹی کمشنرز، ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسران، سینئر پولیس افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جو اسکول پانچ سال سے چھوٹے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے میں تعاون نہیں کریں گے ان کے خلاف کارروائی ہو گی۔

متعلقہ عنوان :