Live Updates

چوہے بلی کاکھیل ختم ہوناچاہیے، تحریک انصاف نے رینجرز کے اختیارات میں اضافہ نہ کرنے کیخلاف احتجاج کی دھمکی دے دی

رینجرز کے اختیارات کے معاملے پر سندھ حکومت حیل وحجت سے کام لے رہی ہے، رینجرز کی کارروائیوں کا اثر پی پی لیڈر شپ پر پڑرہا ہے، عمران اسماعیل رینجرز کو پر کٹے کبوتر کی طرح نہیں دیکھنا چاہتے، پی پی نے اگررینجرز کے اختیارات میں اضافہ نہ کیا تو اسمبلی میں احتجاج کریں گے ، فیصل واوڈا

اتوار 13 دسمبر 2015 22:01

چوہے بلی کاکھیل ختم ہوناچاہیے، تحریک انصاف نے رینجرز کے اختیارات میں ..

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13 دسمبر۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف نے رینجرز کے اختیارات میں اضافے کے لئے احتجاج کی دھمکی دے دی ہے۔ اتوار کو فیصل واوڈا کی رہائش گاہ پر ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عمران اسماعیل نے کہا کہ رینجرز کے اختیارات کے معاملے پر سندھ حکومت حیل وحجت سے کام لے رہی ہے۔ رینجرز کی کرپشن کے خلاف کارروائی کا براہ راست اثر پی پی پی کی قیادت پر پڑرہا ہے۔

یہ چوہے بلی کا کھیل ختم ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ رینجرز کرپشن کے خلاف کارروائی کررہی ہے جس کا اثر براہ راست پی پی کی لیڈر شب پر پڑرہا ہے۔ ہم رینجر ز کو اپنی بقا کا ضامن سمجھتے ہیں۔ رینجرز نے کراچی میں امن کے قیام کے لئے بیش بہا قربانیاں دی ہیں۔ بلدیاتی انتخابات کے پر امن انعقاد کا سہرا بھی رینجرز کوجاتا ہے ۔

(جاری ہے)

پی پی چوہے بلی کا کھیل کھیل رہی ہے۔

اس کا نقصان جمہوریت کو ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ رینجرز کو پر کٹے کبوتر کی طرح نہیں دیکھنا چاہتے ہیں۔ پی پی نے اگررینجرز کے اختیارات میں اضافہ نہیں کیا تو اسمبلی میں احتجاج کریں گے اور رینجرز کے اختیارات میں اضافہ ہونے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔اس موقع پر فیصل وواڈا نے کہا کہ رینجرز شہر میں امن لے کر آئی ہے۔ اختیارات میں توسیع نہ کی گئی تو پھر احتجاج کریں اور اپنا لائحہ عمل طے کریں گے۔انہوں نے الزام لگایا کہ آئی جی سندھ قتل میں ملوث ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال بے بس آدمی ہیں۔ رینجرز کے اختیارات کا معاملہ اسمبلی میں گیارہویں نمبر پر رکھاہے ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات