کوئی مذہب، معاشرہ یا عقیدہ معصوم انسانوں کو بے رحمی سے قتل کا درس نہیں دیتا،رابطہ کمیٹی

پاراچنار بم دھماکے میں 10سے زائد افراد کے جاں بحق اور درجنوں افرادکے زخمی ہونے کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے

اتوار 13 دسمبر 2015 22:14

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13 دسمبر۔2015ء) متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے پارا چنا ر کی عید گا ہ مارکیٹ میں دھماکے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ایک مذمتی بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہا کہ بم دھماکے میں 10سے زائد افراد کے جاں بحق اور درجنوں افرادکے زخمی ہونے کا واقعہ انہتائی افسوسناک ہے۔انہوں نے کہاکہ آپریشن ضرب عضب نے ملک بھر میں دہشت گردوں کی کمر توڑ دی ہے اور دہشت گرداس قسم کی بزدلانہ کارروائیوں کے ذریعے اپنی موجودگی کو دنیا پر ظاہر کرکے ملک کو غیر مستحکم اور لوگوں کو خوف کا شکار کرنا چاہتے ہیں لیکن پوری قوم ان دہشت گردوں اور انکے معاونین کے اصل مقاصد سے واقف ہے ۔

رابطہ کمیٹی نے کہاکہ کوئی مذہب، معاشرہ یا عقیدہ معصوم انسانوں کو بے رحمی سے مارنے کا درس نہیں دیتا اور اس قسم کی کارروائیاں کرنے والوں کا دین اسلام سے قطعی کوئی تعلق نہیں ہے ۔

(جاری ہے)

رابطہ کمیٹی نے وزیر اعظم پاکستان ، وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اور دیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ پارا چنار کی عیدگاہ مارکیٹ میں بم دھماکہ کرنے والے عناصر ،انکے معاونین اور سرپرستوں کے خلاف فی الفور کارروائی کرکے دھماکہ کے متاثرین کو انصاف فراہم کریں اور زخمی ہونیوالے افراد کو سرکاری سطح پر بہترین علاج و معالجہ کی سہولیا ت فراہم کرنے کے احکامات جاری کریں۔

متعلقہ عنوان :