سندھ حکومت کی اچھل کود کی وجہ سے کراچی آپریشن مہینوں پیچھے چلا گیا ،تنویر قریشی

سندھ حکومت سیاسی شہید بننے کیلئے بے چین ہے،قومی ایکشن پلان پر عمل درآمد تیز کیا جائے

اتوار 13 دسمبر 2015 22:15

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13 دسمبر۔2015ء) مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان) کے سیکریٹری مالیات تنویر قریشی نے کہا کہ وفاقی و صوبائی حکومت کے درمیان کشیدگی اور ایک دوسرے کو دھمکیاں دینے سے نقصان صرف کراچی کا ہورہا ہے۔ایک شخص کو بچانے کیلئے بیرون ملک بیٹھے ایک شخص کے احکامات پر سندھ حکومت کی اچھل کود کی وجہ سے کراچی آپریشن مہینوں پیچھے چلا گیا ہے،حکام ہوش کے ناخن لیں۔

چیئرمین آفاق احمد کی رہائش گاہ پر گلشن اقبال سے آنے والے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رینجرز اختیارات کے تنازعہ کا فائدہ مافیا جماعت نے اٹھانا شروع کردیا ہے۔ دہشت گردوں کی جانب سے مہاجر قومی موومنٹ کے کثریتی علاقوں میں جدید اسلحہ کی منتقلی اور ساؤتھ افریقہ سیٹ اپ کے دہشت گردوں کی ان علاقوں میں روپوشی کی اطلاعات آنی شروع ہوچکی ہیں جس کی وجہ سے عوام میں تشویش پائی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

تنویر قریشی نے کہا کہ مہاجر قومی موومنٹ نے دہشت گردوں کی سرگرمیوں اور اسلحہ کی نمائش و استعمال سے متعلقہ اداروں کو آگاہ کیا لیکن پولیس کے کردار کا تو کرپٹ شخص پر سے راتوں رات دہشت گردی ایکٹ ختم کرنے سے اندازہ کیا جاسکتا ہے کہ کس طرح قاتلوں اور دہشت گردوں کی سپورٹ کررہی ہے اور رینجرز کو مفلوج کردیا گیا ہے تو ان حالات میں عوا م کن خطرات سے دوچار ہیں اندازہ لگانا مشکل نہیں۔

تنویر قریشی نے کہاپی پی اور متحدہ دونوں ہی نے ملک بھر میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں نوشتہ دیوار پڑھ لیا ۔انکے پاس اپنی بچی کچھی ساکھ بچانے کیلئے سیاسی شہید بننے کے سوا کوئی چارہ نہیں ،وفاق اور فوج انکے ٹریپ میں آنے کی بجائے ،قومی ایکشن پلان اور تحفظ پاکستان ایکٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے ازخود اقدامات کرے تاکہ کراچی کے امن پر چھائے بے یقینی کے بادل چھٹ سکیں۔