مسلم لیگ فنکشنل کا رینجرز کے اختیارات میں اضافے کے لئے سندھ اسمبلی میں آواز اٹھانے اور احتجاج کرنے کا اعلان

ایسا نہ ہو کہ رینجرز کے اختیارات میں اضافے کیلئے کوئی غیر آئینی قدم اٹھالیا جائے، ایسا ہوا تو ذمہ دار پیپلز پارٹی حکومت ہوگی ، پیر صدر الدین یہ پیپلز پارٹی کی بڑی سیاسی غلطی ہوگی، کراچی سمیت سندھ بھر میں امن وامان کے قیام کے لئے رینجرز کے اختیارات میں اضافہ کیا جائے، میڈیا سے گفتگو

اتوار 13 دسمبر 2015 22:18

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13 دسمبر۔2015ء) پاکستان مسلم لیگ فنکشنل نے رینجرز کے اختیارات میں اضافے کے لئے سندھ اسمبلی میں آواز اٹھانے اور احتجاج کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ اعلان اتوار کو پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے صدر پیر صدر الدین شاہ راشدی کی صدارت میں ہونے والے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں کیا گیا۔ فنکشنل لیگ کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس پیر صدر الدین شاہ راشدی کی رہائش گاہ پر ہوا جس میں فنکشنل لیگ کے ارکان اسمبلی جام مدد علی، شہریار خان مہر ، نصرت سحر عباسی اور دیگر نے شرکت کی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سندھ اسمبلی کے موجودہ اجلاس میں سندھ حکومت کی جانب سے رینجرز کے اختیارات میں اضافہ نہ کرنے کے خلاف بھرپور آواز اٹھائے گی اور فنکشنل لیگ اسمبلی فلور پر رینجرز کے اختیارات میں اضافے کے لئے احتجاج بھی کرے گی۔

(جاری ہے)

اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیر صدر الدین شاہ راشدی نے کہا کہ رینجرز نے عوام کی خواہش کے مطابق کراچی میں امن کے لئے کام کیا اور رینجرز کے جوانوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ بھی دیا ہے جس سے کراچی میں 80 فیصد امن قائم ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ رینجرز نے دہشت گردوں اور معاشی دہشت گردوں کے خلاف کارروائی بھی جس سے امن وامان برقرار ہوا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت رینجرز کی اتنی قربانیوں کے باوجود رینجرز کو محدود کرنا چاہتی ہے اور رینجرز کے اختیارات میں اضافہ نہیں کررہی۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ ایسا نہ ہو کہ رینجرز کے اختیارات میں اضافے کے لئے کوئی غیر آئینی قدم اٹھالیا جائے۔ اگر ایسا ہوا تو اس کی ذمہ دار موجودہ پیپلز پارٹی حکومت ہوگی اور یہ پیپلز پارٹی کی بڑی سیاسی غلطی ہوگی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں امن وامان کے قیام کے لئے رینجرز کے اختیارات میں اضافہ کیا جائے۔