سندھ میں رینجرز کے خصوصی اختیارات کی مدت میں توسیع کے لیے قرارداد آج صوبائی اسمبلی میں پیش کی جائے گی

Umer Jamshaid عمر جمشید پیر 14 دسمبر 2015 11:24

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔14 دسمبر۔2015ء) سندھ میں رینجرز کے خصوصی اختیارات کی مدت میں توسیع کے لیے قرارداد آج پیر کے روزصوبائی اسمبلی میں پیش کی جائے گی۔وزیراعلی سندھ قائم علی شاہ کہتے ہیں نیب کا معاملہ اسمبلی میں اٹھایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے صوبائی وزیروں اور مشیروں کے ساتھ اس معاملے پرمشاورت بھی کی ہے۔ذرائع کے مطابق سندھ اسمبلی کی قرارداد کے ذریعے رینجرز کے اختیارات کی مدت میں توسیع کی جائے گی ،رینجرز کے اختیارات کا تعین ایک ایگزیکٹو آرڈر کے ذریعے کیا جائے گا، رینجرز کو یہ اختیارات آئین کے آرٹیکل 147 کے تحت دیے جائیں گے۔

اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ سندھ کی زیرصدارت صوبائی وزرا اورمشیروں کا اجلاس بھی ہوا جس میں سندھ اسمبلی میں لائی جانے والی قرارداد پرتبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

سندھ اسمبلی کا اجلاس دو دن کے وقفے کے بعد آج ہو گا ، اجلاس میں رینجرز کو اختیارات دینے کے حوالے سے قرار داد پیش کی جائے گی۔سندھ اسمبلی کا اجلاس دو دن کے وقفے کے بعد اسپیکر آغا سراج درانی کی سربراہی میں ہو گا، اسمبلی اجلاس کے ایجنڈے میں رینجرز کو اختیارات دینے سے متعلق قرارداد بھی شامل ہے۔ اس سے قبل سندھ اسمبلی کے دو اجلاسوں میں بھی رینجرز کے اختیارات کے حوالے سے قرار داد ایجنڈے میں شامل ہونے کے باوجود پیش نہ کی جاسکی۔