سیف گیمز کی تیاری کے سلسلہ میں قومی ہینڈبال ٹیم کے کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ جاری

پیر 14 دسمبر 2015 12:57

سیف گیمز کی تیاری کے سلسلہ میں قومی ہینڈبال ٹیم کے کھلاڑیوں کا تربیتی ..

اسلام آباد ۔ 14دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔14دسمبر۔2015ء) سیف گیمز کی تیاری کے سلسلہ میں قومی ہینڈ بال ٹیم کے کھلاڑیوں کا پاکستان سپورٹس کمپلیکس کے لیاقت جمنازیم میں تربیتی کیمپ جاری ہے، قومی ہینڈ بال ٹیم کے کھلاڑیوں کو کوچ رانا اظہار حسین اور اسسٹنٹ کوچ مرزا سلطان محمود جدید اور اعلیٰ تربیت دے رہے ہیں، گذشتہ روز جناح سٹیڈیم میں کھلاڑیوں کی تربیت کے دوران اے پی پی سے گفتگوکرتے ہوئے مرزا سلطان محمود نے بتایا کہ تربیتی کیمپ ملک بھر سے 20 کھلاڑی شرکت کر رہے ہیں جن میں محمد عزیر عاطف، محمد زبیر، زاہد علی، حضرت حسین، آصف علی، نویدالرحمن، عاصم سعید، شہزاد طارق، عثمان انجم، آصف حیات، محمد نواز، شاہروز، ذاکر حسین، مبین اشرف، محمد شاہد پرویز، رحمت شاہ، خرم شہزاد، عمران خان، طاہر علی اور عاطف علی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تربیتی کیمپ میں کھلاڑی دو سیشن صبح و شام بھر پور محنت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم کے کھلاڑیوں نے 2010ء میں بنگلہ دیش میں کھیلے گئے سیف گیمز میں بھارت کو شکست دے کر چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا تھا اور امید ہے کہ قومی ٹیم آئندہ برس فروری میں بھارت میں ہونے والے سیف گیمز میں اپنے ٹائٹل کا دفاع کریگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ قومی خواتین ٹیم کا بھی تربیتی کیمپ جاری ہے جس میں ملک بھر سے 20 کھلاڑی حصہ لے رہی ہیں اور خواتین کھلاڑیوں کو کوچز نصیر احمد اور بابر سلطان تربیت دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کی ٹیم پہلی بار سیف گیمز میں شرکت کر رہی ہیں اور امید ہے کہ قومی خواتین ٹیم بھی سیف گیمز میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔