چھٹے ورلڈ ٹی20 ٹرافی کا12ملکی سفر ممبئی سے شروع

پیر 14 دسمبر 2015 14:27

چھٹے ورلڈ ٹی20 ٹرافی کا12ملکی سفر ممبئی سے شروع

ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔14دسمبر۔2015ء)چھٹے آئی سی سی ورلڈ ٹوئنٹی ٹوئنٹی کی ٹرافی کا سفر ممبئی سے شروع ہوگیا۔ ٹرافی پچاس روزہ ٹورمیں ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں شریک بارہ ممالک جائے گی۔ ٹرافی کا پہلا پڑاو اسکاٹ لینڈ میں ہوگا۔ پاکستان میں گیارہ اوربارہ جنوری کو ٹرافی کی رونمائی ہوگی۔چھٹے ورلڈ ٹوئنٹی ٹوئنٹی کی ٹرافی کا شریک بارہ ممالک کا سفر ممبئی سے شروع ہوگیا۔

پچاس روزہ ٹور میں ٹرافی کی رونمائی مختلف ڈومیسٹک اورانٹرنیشل میچز کے علاوہ پبلک مقامات پر کی جائے گی۔عالمی سفر میں ٹرافی کا پہلا پڑاو اسکاٹ لینڈ ہوگا۔ جہاں سے آئرلینڈ، انگلینڈ اور نیدر لینڈ سمیت یورپی سفر اکیس دسمبر کومکمل ہوگا۔ نئے سال کے آغاز پر ٹرافی افریقی سفاری پر پہنچے گی۔

(جاری ہے)

جہاں دو اور تین جنوری کو زمبابوے کے شہرہرارے اور پانچ سے سات جنوری تک کیپ ٹاون جنوبی افریقہ میں اس کی رونمائی ہوگی۔

ایشیا میں ٹرافی کی پہلی منزل پاکستان ہوگی۔ جہاں گیارہ اور بارہ جنوری کو پاکستانی شائقین ٹرافی کواپنے سامنے دیکھ سکیں گے۔ چودہ اورپندرہ دسمبر کو بنگلہ دیشی پرستار ورلڈ ٹی ٹوئنٹی ٹرافی کا نظارہ کریں گے۔ جبکہ دفاعی چیمپئن سری لنکا کے شائقین کو اسے دیکھنے کا موقع سترہ اوراٹھارہ جنوری کو ملے گا۔اکیس جنوری کو ٹرافی نیوزی لینڈ کے شہر ویلنگٹن پہنچے گی۔ چھبیس سے اکتیس جنوری تک آسٹریلیا کے شہروں ایڈیلیڈ، میلبرن اور سڈنی میں اس کی رونمائی کی جائے گی۔ یکم فروری کو ٹرافی واپس میزبان بھارت پہنچ جائے گی۔