Live Updates

سندھ حکومت رینجرز کے اختیارات میں اضافہ نہ کرکے فوج کو نیچا دکھانا چاہتی ہے ،خرم شیر زمان

ہم معاشی دہشت گردی سمیت ہر قسم کی دہشت گردی کے خلاف آپریشن چاہتے ہیں ،رہنما تحریک انصاف کی صحافیوں سے بات چیت

پیر 14 دسمبر 2015 17:28

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔14 دسمبر۔2015ء) تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ غیر مشروط طور پر رینجرز کے قیام اور اختیارات کی مدت میں توسیع کرے مگر وہ ایسا نہ کرکے دراصل مسلح افواج کو نیچا دکھانا چاہتی ہے ۔یہ بات انہوں نے پیر کو سندھ اسمبلی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ چار روز سے رینجرز کے اختیارات اور قیام میں توسیع کی قرارداد اجلاس کے ایجنڈے میں شامل ہے لیکن حیلے بہانوں سے وہ پیش نہیں کی جارہی ہے ۔

(جاری ہے)

پہلے دن رکن کے انتقال کی وجہ بنائی گئی ،دوسرے دن اجلاس ختم کیا گیا اور اب اجلاس میں قرارداد کو ایسے نمبر پر رکھا گیا تھا جس کا نمبر آنا ہی مشکل تھا ۔ہمارا مطالبہ تھا کہ وزیراعلیٰ سندھ ایوان میں یہ وضاحت کریں کہ وہ رینجرز کے اختیارات میں کوئی پابندی نہیں لگارہے ہیں ۔

حکومت چاہے تو ابھی اور اسی وقت اختیارات دے سکتی ہے ۔کیونکہ اس کے لیے صرف ایک انتظامی حکم نامے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم معاشی دہشت گردی سمیت ہر قسم کی دہشت گردی کے خلاف آپریشن چاہتے ہیں ۔اپوزیشن اپنا احتجاج جاری رکھے گی اور کل بھی ہم احتجاج کریں گے ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات