داعش دنیا میں عرب بالادستی کو بحال کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے،ایران

خلیفہ امین کے قتل سے عرب بالادستی قصہ پارینہ بنی، داعش عربوں کی پیداکردہ تحریک ہے،صدارتی مشیر کا خطاب

پیر 14 دسمبر 2015 17:34

داعش دنیا میں عرب بالادستی کو بحال کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے،ایران

تہران(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔14 دسمبر۔2015ء) ایرانی صدر کے مشیر برائے کمیونٹیز اور دینی اقلیت علی یونسی نے کہا ہے کہ دور حاضر میں ہمارے سامنے رونما ہونے والے زیادہ تر واقعات دراصل اسلامی دنیا میں عرب بالا دستی کو بحال کرنے کوششوں کا نتیجہ ہیں داعش بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز اثنی عشری شیعہ مذہب میں آٹھویں امام علی ابن موسی الرضا کے یوم وفات کے سلسلے میں منعقد ہونے والی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ایرانی مشیر کے خطاب سے عرب مخالف عوامی شاعری کی یاد تازہ ہو گئی۔ڈاکٹر حسن روحانی کے مشیر نے ایرانی دارلحکومت تہران میں فاطمہ الزھراء امام بارگاہ میں خطاب کرتے ہوئے کہاکہ داعش کی تحریک اسلامی دنیا کو کنٹرول کرنے کا خواب دیکھنے والے عربوں کی پیدا کردہ ہے تاکہ وہ فارس اور ترکوں کے مقابلے میں اپنے احساس کمتری پر قابو پا سکیں۔

(جاری ہے)

علی یونسی کا مزید کہنا تھا کہ داعش اسلامی نہیں بلکہ عرب خلافت کی بحالی چاہتی ہے، اس مقصد کے حصول کے لئے وہ ہر طرح کا جرم کرنے سے نہیں چوکتی،اس سے پہلے مارچ میں علی یونسی نے ایک گرجدار بیان میں بغداد کو ایران کا دارلحکومت قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ ماضی کی طرح ایران آج امپریل ازم کی مثال ہے اور بغداد اس کا عظیم ریاست کا صدر مقام ہے۔

اس بیان میں ان کا اشارہ قبل از اسلام ساسانین فارس کی جانب تھا، جس نے عراق کو زیر نگین کرتے ہوئے المدائن کو اپنا پایہ تخت قرار دیا تھا۔عرب دور اقتدار پر کڑے وار کا ذکر کرتے ہوئے علامہ یونسی نے کہا کہ 'ظلم کے خلاف اٹھنے والی ہر انقلابی آواز ایران سے اٹھی۔' ان کا مزید کہا تھا کہ ایرانیوں نے جب المامون کے بھائی [الامین] کو قتل کیا تو اس کے بعد عربوں سے قیادت کا منصب ہمیشہ ہمیشہ کے لئے چھن گیا۔اس امر کا اظہار کر کے ایرانی صدر کے مشیر نے اموی دور کی اس خفیہ تحریک کی یاد تازہ کر دی، جس نے عباسی عہد میں عوامی سطح پر پھیلاؤ دیکھا۔ یہ تحریک اسلام کی اشاعت اور دیگر فتوحات میں عربوں کی قدر ومنزلت کو کم کرتی اور ایک وقت میں عجم کو عربوں پر فوقیت دلوانے میں کامیاب رہی۔

متعلقہ عنوان :