کراچی ،تحریک انصاف اور فنکشنل لیگ کا رینجرز اختیارات میں توسیع نہ کیے جانے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

کراچی کے عوام اور امن سے محبت کرنے والی سیاسی قوتیں رینجرز کے ساتھ ہیں،عمران اسماعیل ،فیصل واوڈا اور دیگر کا خطاب

پیر 14 دسمبر 2015 21:14

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔14 دسمبر۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف،مسلم لیگ (فنکشنل) اور سبزی منڈی کے تاجروں نے حکومت سندھ کی جانب سے رینجرز کے قیام اور اختیارات میں توسیع نہ دیئے جانے کے خلاف پیر کو اسٹار گیٹ کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا ۔مظاہرے کے باعث شاہراہ فیصل اور اطراف کی شاہراہوں پر بدترین ٹریفک جام ہوگیا جس کی وجہ سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔

مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر رینجرز کی حمایت میں نعرے درج تھے ۔احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنماؤں عمران اسماعیل ،فیصل واوڈا ،مسلم لیگ (فنکشنل)کے رہنماپیرزادہ یاسر سائیں اور دیگر نے کہا کہ کراچی میں رینجرزکی جانب سے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں کی وجہ سے امن و امان قائم ہوا ہے اور شہریوں نے سکھ کا سانس لیا ہے ۔

(جاری ہے)

شہر میں تجارتی اور کاروباری سرگرمیاں بحال ہوگئی ہیں ۔بھتہ خور ،ٹارگٹ کلرز اور دیگر جرائم پیشہ عناصر کی کمر ٹوٹ گئی ہے ۔حکومت سندھ کی جانب سے رینجرز کو اختیارات نہ دینا بدنیتی ہے ۔پیپلزپارٹی کے ایک شخص خلاف کرپشن اور دیگر معاملات پر کارروائی کی گئی تو حکومت سندھ بدحواسی کا شکار ہوگئی ہے ۔اسی لیے اختیارات کا معاملہ اسمبلی میں لے جا کرچوہے بلی کا کھیل کھیلنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کے عوام اور امن سے محبت کرنے والی سیاسی قوتیں رینجرز کے ساتھ ہیں ۔انہوں نے کہا کہ عوام کو رینجرز کو تنہا نہیں چھوڑیں گے ۔انہوں نے کہا کہ جب تک رینجرز کو اختیارات نہیں ملتے ہمارا احتجاج جاری رہے گا ۔انہوں نے کہا کہ اگر سندھ میں گورنر راج لگا تو اس کی ذمہ دار سندھ حکومت ہوگی ۔ہم پیپلزپارٹی کی بدمعاشی کو نہیں چلنے دیں گے ۔ان رہنماؤں نے کہا کہ اگر رینجرز کو فوری اختیارات نہیں دیے گئے تو احتجاج کا دائرہ پورے صوبے تک وسیع کردیا جائے گا اور اہم شاہراہوں پر دھرنے دیئے جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں پولیس تنہا امن قائم نہیں کرسکتی ،اسی لیے رینجرز کی تعیناتی ناگزیر ہے۔