لاوارث طیاروں کے وارث مل گئے

muhammad ali محمد علی منگل 15 دسمبر 2015 02:11

لاوارث طیاروں کے وارث مل گئے
کولالمپور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار.14دسمبر 2015 ء) کولالمپور ائیرپورٹ پر 1سال سے لاوارث کھڑے تین طیاروں کے وارثان مل گئے ہیں۔ایک کمپنی نے دعویٰ کیا ہے کہ تینوں طیارے اس کی ملکیت ہیں۔سوئفٹ ائیر کارگو نامی کمپنی کا کہنا ہے کہ تینوں طیارے اس کی ملکیت ہیں۔اس سے پہلے کوالالمپور انٹرنیشنل ائیرپورٹ نے اخبار میں تین بوئنگ 747-200ایف طیاروں کے مالکان کی تلاش کے لیے اشتہار دیا تھا۔

ائیر پورٹ کا کہنا تھا کہ تینوں جہاز ایک سال سے ائیرپورٹ ہب پر کھڑے ہیں، مگر وہ ان کےمالکان کی شناخت نہیں کر پا رہے لیکن سوئفٹ کا کہنا ہے کہ وہ ائیرپورٹ حکام سے کئی ماہ سے رابطے میں ہیں۔سوئفٹ کا کہنا ہے کہ ایم اے ایچ بی(ملائشیاء ائیرپورٹس ہولڈنگز برہاڈ) نے جب طیاروں کا اشتہار دیا تو انہیں بہت تشویش ہوئی۔

(جاری ہے)

سوئفٹ کا کہنا ہے کہ اب انہوں نے ائیر پورٹ کے جنرل منیجراور چیف آپریتنگ آفیسرسے بات کی ہے۔

سوئفٹ کے مطابق انہیں اس بات کی سمجھ نہیں آ رہی کہ ائیر پورٹ حکام نےا تنا بڑا قدم کیوں اٹھایا۔سوئفٹ کا کہنا ہے کہ اُن کے پاس تمام متعلقہ کاغذات موجود ہیں، جو جہاز کو اُن کی ملکیت ثابت کر دیں گے۔اس سے پہلے ائیر پورٹ حکام نے اشتہار دیا تھا کہ اگر 14دن کے اندر اندر جہاز کے مالکان نہ آئے تو جہازوں کو فروخت کردیا جائے گا۔ائیر پورٹ حکام کا یہ بھی کہنا تھا کہ ابھی تک جہاز کے مالکوں نے پارکنگ فیس جمع نہیں کرائی، جب ہمارے پاس اُن کے بارے میں معلومات نہیں تو انہیں بل کیسے بھیجیں۔