سابق آسٹریلوی کرکٹر ڈین جونز پاکستان سپر لیگ کی ٹیم اسلام آباد یونائٹڈ کے ہیڈ کوچ مقرر

منگل 15 دسمبر 2015 12:00

سابق آسٹریلوی کرکٹر ڈین جونز پاکستان سپر لیگ کی ٹیم اسلام آباد یونائٹڈ ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔15دسمبر۔2015ء) آسٹریلیا کے سابق مایہ ناز کرکٹر ڈین جونز پاکستان سپر لیگ کی ٹیم اسلام آباد یونائٹڈ کے ہیڈ کوچ بن گئے۔54 سالہ ڈین جونز نے پیر کو اپنے فیس بک پیج پر ایک وڈیو کے ذریعے اسلام آباد ٹیم سے منسلک کا اعلان کیا۔ڈین جونز کے پاکستانی کھلاڑیوں کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں اور 2010 میں وہ غیر ملکی مشیر کی ملازمت کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ بات چیت بھی کر چکے ہیں۔

52ٹیسٹ اور 164 ون ڈے میچ کھیلنے والے ڈین جونز کرکٹ کے حوالے سے بہترین دماغ رکھنے والوں میں شمار ہوتے ہیں۔فروری میں شارجہ اور دبئی میں کھیلی جانے والی لیگ میں پانچ ٹیموں کے ہیڈ کوچز کیلئے 31 مضبوط امید وار سامنے آ چکے ہیں۔سپر لیگ میں ہیڈ کوچز کی تنخواہیں 45000 سے 60000 امریکی ڈالرز فی سیزن مقرر کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ اتوار کو پشاور ٹیم کے مالک جاوید آفریدی نے سپر لیگ کے پہلے سیزن کیلئے سٹارز پر مبنی کوچنگ پینل کا اعلان کیا تھا۔

انگلینڈ کے سابق ہیڈ کوچ اینڈی فلاور، نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے سابق ہیڈ کوچ محمد اکرم، دو مرتبہ نیشنل ٹی ٹوئنٹی ٹائٹل کی فاتح پشاور ٹیم کے کوچ عبدالرحمان اور پاکستان ٹیم کے ٹرینر گرانٹ لڈن ’پشاور زلمے‘ کے کوچنگ عملے میں شامل ہیں۔دو دن قبل کراچی ٹیم کے مالک سلمان اقبال نے جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کے سابق کوچ مکی آرتھر کو ہیڈ کوچ اور سابق لیگ سپنر مشتاق احمد کو ان کا نائب بنانے کا اعلان کیا تھا۔

متعلقہ عنوان :