فٹبال کے سب سے بڑے مقابلے یورو کپ کے ڈراز اور شیڈول کا اعلان

منگل 15 دسمبر 2015 12:02

فٹبال کے سب سے بڑے مقابلے یورو کپ کے ڈراز اور شیڈول کا اعلان

زیورخ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔15دسمبر۔2015ء) آئندہ سال ہونے والے فٹبال کے سب سے بڑے مقابلے یورو کپ کے ڈراز اور شیڈول کا اعلان کر دیا گیا جہاں دفاعی چیمپیئن اسپین کی ٹیم ٹائٹل کے دفاع کیلئے چیک ریپبلک کے خلاف میچ سے اپنی مہم کا آغاز کرے گی۔یورپ کی بہترین ٹیموں کے درمیان ہونے والے اس ایونٹ میں میزبان فرانس اور عالمی چیمپیئن جرمنی کی ٹیمیں کافی خوش قسمت رہیں جنہیں اپنے گروپ میں نسبتاً آسان حریفوں کا سامنا کرنا پڑے گا لیکن اٹلی اور انگلینڈ کی ٹیموں کو ورلڈ کپ کی طرح اس بار بھی مشکل گروپ کا چیلنج دریپش ہے۔

گروپ اے میں میزبان فرانس کی ٹیم کو رومانیہ اور البانیہ جیسے آسان حریفوں کا سامنا کرنا ہو گا اور صرف سوئٹزرلینڈ کی ٹیم ان کیلئے کسی قسم کا خطرہ پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے لہٰذا اس گروپ میں کوئی اپ سیٹ نہ ہوا تو فرانس کی ٹیم گروپ لیڈر ہو گی۔

(جاری ہے)

تاہم کوالیفائرز کے تمام میچز میں کامیابیوں سے ہمکنار ہونے والی انگلینڈ کی ٹیم کو ایک بار پھر مشکل درپیش ہے جسے ابھرتی ہوئی ویلز کی ٹیم کے ساتھ ساتھ روس اور سلواکیا کا بھی سامنا کرنا ہو گا اور ایک چھوٹی غلطی بھی انہیں ورلڈ کپ کی طرح اس ایونٹ میں بھی پہلے راؤنڈ میں باہر کرنے کیلئے کافی ہے۔

عالمی چیمپیئن جرمنی گروپ سی میں موجود ہے جہاں پولینڈ انہیں مشکلات سے دوچار کر سکتی ہے لیکن شمالی آئرلینڈ اور یوکرین کو آسان سمجھنے کی غلطی انہیں بھاری پڑ سکتی ہے۔عالمی چیمپیئن کا 12 جون کو یوکرین سے مقابلہ ہو گا جس کے بعد 16 جون کو پیرس میں پولینڈ اور پھر 21 جون کو اسی شہر میں شمالی آئرلینڈ کی ٹیم سے مدمقابل ہو گی۔دفاعی چیمپیئن اور عالمی نمبر چار اسپین کیلئے بھی ٹائٹل کا دفاع کوئی آسان کام نہیں ہو گا جہاں گروپ ڈی میں موجود سابق عالمی چیمپیئن کو جمہوریہ چیک، ترکی اور کروشیا کا مقابلہ کرنا ہو گا۔

فٹبال کے سب سے بڑے مقابلے یورو کپ کے ڈراز اور شیڈول کا اعلان

متعلقہ عنوان :