پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کا ایشیئن سائیکلنگ چیمپئن شپ کیلئے 11 رکنی ٹیم کا اعلان

منگل 15 دسمبر 2015 12:42

پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کا ایشیئن سائیکلنگ چیمپئن شپ کیلئے 11 رکنی ..

اسلام آباد ۔ 15 دسمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔15دسمبر۔2015ء) پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن نے جاپان میں ہونے والی ایشیئن سائیکلنگ چیمپئن شپ کیلئے 11 رکنی ٹیم کا اعلان کردیا۔ پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے سیکرٹری سید اظہر علی شاہ نے منگل کو اے پی پی کو بتایا کہ ایشیئن روڈ مینز اور ویمن سائیکلنگ چیمپئن شپ 20 سے 14جنوری تک جاپان میں منعقد ہوگی جس میں شرکت کیلئے قومی ٹیم 18 جنوری کو جاپان روانہ ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ کہ ایونٹ کیلئے7 مرد اور 3 خواتین سمیت ایک منیجر جائیں گے۔ مرد کھلاڑیوں میں صابر ‘ نثار ‘ نجیب اللہ ‘ محسن خان ‘ ذیشان علی‘ اویس خان اور محمد عباس جبکہ خواتین کھلاڑیوں میں صبیحہ راجیہ شبیر اور راشدہ منیر شامل ہیں جبکہ کرنل (ر) سعد ابن الحسن بطور منیجر ٹیم کے ہمراہ ہوں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قومی مرد کھلاڑیوں کا حتمی انتخاب 29 نومبر کو ٹرائل میں شارٹ لسٹ کئے گئے 10کھلاڑیوں سے کیا گیا ہے، اسی طرح خواتین کھلاڑیوں کا انتخاب لاہو رمیں ہونے والی نیشنل ویمن سائیکلنگ چیمپئن شپ سے کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ راجیہ شبیر انجری کا شکار ہیں اگر ایونٹ تک ٹھیک ہوگئی تو ٹیم کا حصہ ہوں گی ورنہ چیمپئن شپ میں صرف 2 خواتین کھلاڑی پاکستان کی نمائندگی کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ میگا ایونٹ میں ایشیاء کے 42 ممالک شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایونٹ کی تیاری کیلئے قومی کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ جاری ہے جہاں انہیں بہترین تربیت فراہم کی جارہی ہے۔ ایونٹ کیلئے باصلاحیت کھلاڑی کا انتخاب کیا ہے اور توقع رکھتے ہیں کہ قومی ٹیم عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔

متعلقہ عنوان :