Live Updates

انٹرکامرس ریگولر سال اول کے نتائج کا اعلان ،بروقت اجراء کی روایت برقرار رکھی، محمد عمران خان چشتی

رواں سال کے آخری نتائج تھے، عملے کی کارکردگی لائق تحسین ہے، کامرس ریگولر کے نتائج کے موقع پر ناظم امتحانات کی گفتگو

منگل 15 دسمبر 2015 18:11

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔15 دسمبر۔2015ء) اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے ناظم امتحانات محمد عمران خان چشتی نے انٹرمیڈیٹ سال اول کامرس ریگولر کے سالانہ امتحانات برائے 2015ء کے نتائج کا اعلان کردیا ہے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے محمد عمران خان چشتی نے کہا کہ کامرس ریگولر کے نتائج اس سال کے آخری نتائج تھے جس کا بروقت اعلان کر کے انٹربورڈ نے وقت پر شفاف نتائج کے اجراء کی اپنی روایت کو برقرار رکھا ہے۔

ناظم امتحانات نے انٹربورڈ کے عملے خصوصاً شعبہ امتحانات کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ نتائج کی تیاری، بروقت اجراء اور شفافیت کا عنصر برقرار رکھنے کیلئے انٹربورڈ خصوصاً شعبہ امتحانات کے عملے کی کارکردگی مثالی اور لائق تحسین ہے۔

(جاری ہے)

نتائج کی تفصیلات بتاتے ہوئے محمد عمران خان چشتی نے کہا کہ کامرس ریگولر سال اول کے امتحانات میں 33627 امیدواروں نے رجسٹریشن حاصل کی جبکہ 33052 امیدوار امتحانات میں شریک ہوئے جس میں سے 10723 امیدوار تمام سات پرچوں میں، 5127 چھ پرچوں میں، 4107 پانچ پرچوں میں، 3379 چار پرچوں میں، 2983 تین پرچوں میں، 2668 دو پرچوں میں جبکہ 2398 امیدوار ایک پرچے میں کامیاب قرار پائے۔

محمد عمران خان چشتی نے بتایا کہ ان امتحانات میں سات پرچوں میں کامیابی حاصل کرنے والے امیدواروں کا تناسب 32.49 فیصد ،چھ پرچوں میں 15.53 فیصد، پانچ پرچوں میں 12.44 فیصد، چار پرچوں میں 10.24 فیصد، تین پرچوں میں 9.04 فیصد، دو پرچوں میں 8.08فیصد جبکہ ایک پرچے میں 7.27 فیصد رہا۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :