بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ انسداد تجاوزات نے ماری پور آئل ٹینکرز ٹرمینل میں قائم مختلف تجاوزات کا خاتمہ کردیا

منگل 15 دسمبر 2015 18:53

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔15 دسمبر۔2015ء) بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ انسداد تجاوزات کے عملے نے ماری پور آئل ٹینکرز ٹرمینل میں قائم مختلف تجاوزات کے خلاف ڈائریکٹرکے پی ٹی کے ہمراہ مشترکہ اور بھرپور کارروائی کرتے ہوئے تمام تجاوزات کو ہٹادیا جبکہ اس کارروائی کے دوران مزاحمت کے نتیجے میں کے ایم سی کے تین ملازم زخمی ہوگئے اور سرکاری گاڑی کے شیشے توڑ دیئے گئے تاہم انسداد تجاوزات کے عملے نے مزاحمت کو ناکام بناتے ہوئے اپنی کارروائی مکمل کرلی اور آئل ٹینکرز ٹرمینل میں قائم کی گئیں تمام غیرقانونی دکانوں اور دیگر تعمیرات کو مسمار کردیا، بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ انسداد تجاوزات نے کے پی ٹی کے ہمراہ مشترکہ آپریشن کرتے ہوئے ماری پور آئل ٹینکرز ٹرمینل کو تجاوزات سے پاک کردیا جس سے ٹرمینل میں آئل ٹینکرز کو آنے جانے میں سہولت ہوگئی اور تجاوزات کی وجہ سے تنگ ہوجانے والے راستے کھل گئے جس پر آئل ٹینکرز ٹرمینل پر موجود متعلقہ افراد نے مسرت کا اظہار کیا، اس موقع پر ڈائریکٹر انسداد تجاوزات کے ایم سی مظہر خان نے کہا کہ تجاوزات کے خلاف شہر بھر میں کارروائی جاری ہے اور ماری پور آئل ٹینکرز ٹرمینل پر بھی یہ شکایات ملنے کے بعد کارروائی کی گئی کہ یہاں تجاوزات مافیا سرگرم ہوگئی ہے اور بڑی تعداد میں تجاوزات قائم کرلی گئی ہیں جن کی وجہ سے ٹرمینل پر روزمرہ امور کی انجام دہی میں مشکلات کاسامنا کرنا پڑرہا ہے انہوں نے کہا کہ تجاوزات کے خلاف کارروائی جاری رہے گی خاص طور پر ان مقامات پر توجہ دی جارہی ہے جہاں عوامی ٹرانسپورٹ اور ٹرک و ٹینکرز کی آمدورفت رہتی ہے تاکہ ان جگہوں کو تجاوزات سے پاک کیا جائے اور شہریوں کو سہولت مہیا ہوسکے۔

متعلقہ عنوان :