وفاقی محتسب میں بیرون ملک پاکستانیوں کی شکایت کا فیصلہ صرف 45دن میں ہوگا، سلمان فاروقی

وفاقی محتسب محمد سلمان فاروقی کا 40 محکموں کے سربراہان اور ان کے نمائندوں کے اجلاس سے خطاب

منگل 15 دسمبر 2015 19:37

وفاقی محتسب میں بیرون ملک پاکستانیوں کی شکایت کا فیصلہ صرف 45دن میں ..

اسلام آباد ۔ 15 دسمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔15 دسمبر۔2015ء) وفاقی محتسب محمد سلمان فاروقی نے کہا ہے کہ وفاقی محتسب میں ہر شکایت کا فیصلہ صرف 60 روز میں ہورہا ہے لیکن بیرون ملک پاکستانیوں کی شکایت کا فیصلہ اب صرف 45دن میں ہوگا، بیرون ملک پاکستانیوں کی شکایات کے فوری ازالے کیلئے کراچی ، لاہور، اسلام آباد، کوئٹہ اور پشاور ائیرپورٹس پر ون ونڈو ڈیسک قائم کردیے گئے ہیں جبکہ ملتان ائیر پورٹ پر 23دسمبر کو یہ ڈیسک قائم کر دیا جائے گا۔

وفاقی محتسب نے یہ بات منگل کو وفاقی حکومت کے 40 محکموں کے سربراہان اور ان کے نمائندوں کے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ بیرون ملک پاکستانیوں کی شکایات ترجیحی بنیادوں پر حل کریں۔

(جاری ہے)

اجلاس میں وزارت خارجہ، وزارت داخلہ ، وزارت خزانہ، وزارت تجارت ،وزارت ماحولیات ، کابینہ ڈویژن، وزارت اطلاعات ونشریات، وزارت مواصلات ، وزارت ہاؤسنگ و تعمیرات، بیرون ملک پاکستانیوں کی وزارت ، وزارت مذہبی امور ، بورڈ آف انوسٹمنٹ، سول ایوی ایشن، اسٹیٹ بنک آف پاکستان ، پی آئی اے ، اسلام آباد پولیس، نادرا ، سی ڈی اے، سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج ، او پی ایف ، اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔

16 دسمبر۔2015ء، پی ٹی وی، پی بی سی، ہائیر ایجوکیشن کمیشن، اسلا م آباد کیپٹل ٹیرٹری ، ایف آئی اے، ڈائریکٹر جنرل پاسپورٹ ، ایئر پورٹ سیکیورٹی فورس، انٹی نارکوٹکس فورس ، اور اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن سمیت 40 سرکاری اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی محتسب سیکرٹریٹ کے سینئر ایڈوائزر اور گریونس کمشنر برائے بیرون ملک پاکستانیز حافظ احسان احمد کھوکھر نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانیوں کی شکایات سننے اور ان کی شکایات کے فوری ازالے کیلئے وہ خود 24 گھنٹے دستیاب ہیں اور کسی بھی شکایت پر وہ فوری طور پر متعلقہ محکموں کو ٹیلیفون پر ہی ہدایات جاری کر دیتے ہیں ۔

حافظ احسان احمد کھوکھر نے کہا کہ اڑھائی سال میں دو لاکھ سے زائد شکایات پر 60 روز میں فیصلہ ہورہا ہے ، اس وقت ہمارے پا س60 دن سے پرانی کوئی شکایت زیرالتواء نہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بیرون ملک پاکستانیوں کی شکایات کے ازالہ کیلئے وفاقی محتسب کی ہدایت پر 92سفارتخانوں اور 40سرکاری محکموں میں فوکل پرسن تعینات کر دیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جون 2015 سے اب تک بیرون ملک پاکستانیوں کی 932 شکایات پر کارروائی کی گئی ہے اور متعلقہ محکموں کو ان پر ایکشن لینے کی ہدایت کی گئی ہے۔

حافظ احسان احمد کھوکھر نے بتایا کہ بیرون ملک پاکستانیوں کی سہولیات کیلئے متعدداقدامات اٹھائے گئے ہیں جن میں بیرون ملک پاکستانی سفارتخانوں اور اندرون ملک سرکاری اداروں میں فوکل پرسنز کی تعیناتی ، ایئر پورٹس پر ون ونڈو ڈیسک کا قیام، سرکاری محکموں میں ایڈوائزری کونسل کی تشکیل ، شکایات کی وصولی کا آن لائن نظام، رہائشی پرمٹ کا حصول ، بیرون ملک قیدیوں کی رہائی کیلئے کوششیں وغیرہ شامل ہیں۔

حافظ احسان احمد کھوکھرنے کہا کہ وفاقی محتسب کی ہدایات پربیرون ملک 92 پاکستانی سفارتخانوں میں شکایات کی سماعت کیلئے ہفتے میں ایک دن مخصوص کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایئر پورٹس پر ون ونڈو ڈیسک کے قیام کا مقصد موقع پر ہی شکایت کا ازالہ ہے۔ اجلاس میں بیرون ملک پاکستانیوں سے متعلق 12 وزارتوں سمیت 40 محکموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ وفاقی محتسب محمد سلمان فاروقی نے حافظ احسان احمد کھوکھر کی کوششوں کو سراہا۔انہوں نے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ بیرون ملک پاکستانی ہمارا بہت بڑا سرمایہ ہیں جو ہرسال بہت بڑا زرمبادلہ پاکستان بھیجتے ہیں ، ان کی شکایات ترجیحی بنیادوں پر حل کریں۔