پی ایس ایل کے ’’لوگو‘‘ کی تقریب رونمائی ، ایونٹ کے انعقاد سے نوجوان کرکٹرز کو خوابوں کی تعبیر ملے گی ،نجم سیٹھی ،رمیض راجہ

منگل 15 دسمبر 2015 23:14

پی ایس ایل کے ’’لوگو‘‘ کی تقریب رونمائی ، ایونٹ کے انعقاد سے نوجوان ..

لاہور۔15 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔15 دسمبر۔2015ء) ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے ’’لوگو‘‘ کی تقریب رونمائی کا انعقاد گزشتہ روزیہاں مقامی فائیو سٹار ہوٹل میں کیا گیا جس میں پی ایس ایل گورننگ کونسل کے چیئر مین نجم سیٹھی ،برانڈ ایمبیسیڈ ر رمیض راجہ ،ایچ بی ایل کے چیف مارکیٹنگ آفیسر نوید اصغر اور پی ایس ایل کی پانچوں فرنچائزز کے مالکان اور نمائندگا ن اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی ۔

نجم سیٹھی اور ایچ بی ایل کے چیف مارکیٹنگ آفیسر نوید اصغرنے ایچ بی ایل کے’’ لوگو‘‘ کی نقاب کشائی کی ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہاکہ حبیب بنک کا شمار دنیاکے بہترین گروپوں میں ہے ۔ بینک نے کرکٹ کی ترقی میں ہمیشہ اہم کردار ادا کیا ہے ۔

(جاری ہے)

ماضی میں جاوید میانداد ،عبدالقادر اور دیگر اہم کرکٹرز حبیب بنک کی طرف سے ہی کھیلتے رہے ہیں ۔

ہمارے لئے اعزاز کی بات ہے کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل کا ٹائٹل اسپانسر ہے ۔انہوں نے کہاکہ پی ایس ایل کا انعقاد اپنے آخری مرحلہ میں پہنچ چکا ہے اور امید ہے کہ لوگوں کے ا س کے انعقاد کے بارے میں شکوک و شبہات کافی حد تک دور ہوگئے ہوں گے ۔پاکستان سپر لیگ صرف اور صرف پاکستان کی لیگ ہے ۔اس کے انعقاد سے نہ صرف مقامی کرکٹرز کو تجربہ حاصل ہو گا بلکہ ان کے مالی مسائل بھی حل ہوں گے ۔

انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ پی ایس ایل یو اے ای میں منعقد کروانے کے بعد اس کا بتدریج انعقاد پاکستان میں کیاجائے ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پی ایس ایل کے برانڈ ایمبیسڈر رمیض راجہ نے کہا کہ ہم سب کو مل کر پی ایس ایل کو کامیاب کرنے کی کوششیں کرنی چاہئے ۔ابھی پی ایس ایل کا انعقاد یو اے ای میں ہورہا ہے اور انشاء اﷲ مستقبل میں اس کو پاکستان میں منعقد کئے جانے کی بھرپور کوشش ہوگی۔

پاکستان کے نوجوان کرکٹر ز جب دنیا ئے کرکٹ کے نامور کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلیں گے تو ان کی صلاحیتوں کو نکھار ملے گا ۔ ایچ بی ایل کے چیف مارکیٹنگ آفیسر نوید اصغرنے کہاکہ پی ایس ایل کا پارٹنر بننا بنک کے لئے اعزاز کی بات ہے ۔پی ایس ایل کے انعقاد سے نہ صرف ملک میں کرکٹ کو فروغ ملے گا بلکہ دنیا کے سامنے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کے خواب دیکھنے والے نوجوان کرکٹر ز کو ان کے خوابوں کی تعبیر ملے گی ۔

متعلقہ عنوان :