نیوزی لینڈ اور سری لنکا کے درمیان دوسرا اور آخری کرکٹ ٹیسٹ پرسوں شروع ہوگا

بدھ 16 دسمبر 2015 12:14

نیوزی لینڈ اور سری لنکا کے درمیان دوسرا اور آخری کرکٹ ٹیسٹ پرسوں شروع ..

ہیملٹن ۔ 16 دسمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔16دسمبر۔2015ء) نیوزی لینڈ اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ جمعہ سے سیڈن پارک، ہملٹن میں شروع ہو گا۔ نیوزی لینڈ کو سری لنکن ٹیم کے خلاف دو میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہے۔ کیویز نے آئی لینڈرز کو پہلے میچ میں 122 رنز سے شکست دی تھی۔ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان برینڈن میک کلم نے کہا ہے کہ سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں فتح کے بعد ٹیم کا مورال بلند ہے، دوسرے اور آخری ٹیسٹ میں بھی کامیابی حاصل کرکے سیریز اپنے نام کر لیں گے ادھر سری لنکا کرکٹ ٹیم کے کپتان اینجلو میتھیوز نے نیوزی لینڈ سے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں شکست پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں نے کھیل کے تمام شعبوں میں خراب کارکردگی کا مظاہرہ کیا جس کی وجہ سے شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔

(جاری ہے)

اینجلو میتھیوز نے کہا کہ نیوزی لینڈ کو ہوم گراؤنڈ پر شکست دینا آسان نہیں، انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دوسرے اور آخری ٹیسٹ میں مربوط حکمت عملی کے تحت میدان میں اتریں گے، غلطیوں کو دہرائے بغیر ٹیسٹ جیت کر سیریز برابر کرنے کی کوشش کریں گے واضح رہے کہ ٹیسٹ سیریز کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز کھیلی جائیگی جس کا پہلا میچ 26 دسمبر کو کرائسٹ چرچ میں کھیلا جائے گا۔

دوسرا ون ڈے 28 دسمبر، تیسرا 31 دسمبر، چوتھا 2 جنوری جبکہ پانچواں اور آخری ون ڈے 5 جنوری کو کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹی 20 انٹرنیشنل 7 جنوری جبکہ دوسرا اور آخری میچ 10 جنوری کو کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان 1983ء سے 2015ء تک مجموعی طور پر 30 میچز کھیلے گئے جس میں سے کیویز نے 12 اور آئی لینڈرز نے 8 میں کامیابی حاصل کی جبکہ 10 میچز ڈرا ہوئے

متعلقہ عنوان :