میں بیگناہ ہوں،اپنے دور اقتدار میں کبھی کوئی غلط اور ناجائز کام نہیں کیا،بلاٹر

بدھ 16 دسمبر 2015 12:16

میں بیگناہ ہوں،اپنے دور اقتدار میں کبھی کوئی غلط اور ناجائز کام نہیں ..

زیورخ ۔ 16 دسمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔16دسمبر۔2015ء) معطلی کا شکار فٹ بال کی عالمی تنظیم (فیفا) کے صدر سیپ بلاٹر نے رواں ہفتے شیڈول فیفا ایتھکس کمیٹی کی سماعت سے قبل دوبارہ اپنی بے گناہی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ آخر دم تک اپنے حقوق کی جنگ لڑیں گے۔

(جاری ہے)

فیفا ایتھکس کمیٹی نے رواں برس اکتوبر میں کرپشن الزامات کے باعث بلاٹر کو 90 دنوں کیلئے معطل کیا تھا اور ان کے خلاف مجرمانہ تحقیقات جاری ہیں، رواں ہفتے وہ فیفا ایتھکس کمیٹی کے سامنے گواہی دیں گے۔

اپنے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ میں نے دور اقتدار میں کبھی کوئی غلط اور ناجائز کام نہیں کیا، میں اپنے حقوق کی جنگ لڑوں گا اور مجھے چیمبر سے انصاف ملنے کی پوری امید ہے۔ فیفا ایتھکس تحقیقاتی پینل نے گزشتہ ماہ نومبر میں بلاٹر اور یوئیفا کے صدر پلاٹینی پر پابندیاں عائد کرنے کی سفارش کی تھی اور اب دونوں کے کیس کی سماعت رواں ہفتے ہو گی جس کے بعد ان کی قسمت کا فیصلہ 21 دسمبر کو متوقع ہے۔