بنگلہ دیش پریمیر لیگ کھیلنے والے پاکستانی کرکٹرز ٹوٹے دل کیساتھ وطن واپس پہنچ گئے

بدھ 16 دسمبر 2015 12:28

بنگلہ دیش پریمیر لیگ کھیلنے والے پاکستانی کرکٹرز ٹوٹے دل کیساتھ وطن ..

لاہور (اردو پوا ئنٹ تازہ ترین اخبار16دسمبر- 2015ء) بنگلہ دیش پریمئرلیگ میں شرکت کے بعد ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق سمیت اکثر کھلاڑی وطن واپس پہنچ گئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بیشتر کھلاڑیوں کو بنگلہ دیش بلایا گیا لیکن ٹیم مالکان اور انتظامیہ کی جانب سے انہیں باہر بٹھایا گیا جس کی وجہ سے بددلی کا شکار ہو ئے اور انہوں نے بنگلہ دیش کے دورے کے دوران تلخ یادیں سمیٹیں ۔

ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کو رنگپور رائیڈرزکی انتظامیہ کی جانب سے آخری7 میچوں میں مسلسل باہر بٹھایا گیا اور دیگر غیرملکی کھلاڑیوں بشمول غیر معروف افغانستان ٹیم کے محمد نبی کو ترجیح دی گئی ۔ مصباح الحق کا کہنا تھا کہ وہ اس معاملے پر کچھ نہیں کہہ سکتے کیوں کہ ان کے خیال میں ٹیم کے مالک اور کوچ جانتے ہوں گے کہ ضرورت کیا ہے لیکن یہ آسان نہیں ہے کہ لمبے وقت تک ٹیم سے باہر بیٹھا جائے ۔

(جاری ہے)

مصباح الحق نے رنگپور رائیڈرز کے لیے پہلے میچ میں 39 گیندوں پر 61 رنز کی اننگز کھیلی جس کے باعث ان کی ٹیم کو کامیابی ملی ۔ انہوں نے بی پی ایل میں 5 میچ کھیلے اور مجموعی طور پر 108 رنز بنائے ۔ کامران اکمل ، سعیداجمل ، عمر اکمل اور وہاب ریاض بھی بی پی ایل حکام کے سلوک سے خوش نہیں تھے ۔ سعید اجمل کو 3 میچ کھیلنے کو ملے اور 2 وکٹیں حاصل کر پائے ۔

قومی ٹیم کے سابق وکٹ کیپر بلے باز کامران اکمل کے مطابق انہوں نے پہلے ہی ٹیم کے مالک اور انتظامیہ کو واضح کردیا تھا کہ وہ بی پی ایل میں اوپننگ کرنا چاہتے ہیں لیکن ابتدائی دو میچوں کے بعد انہیں خاطر خواہ جواب نہیں ملا ، وہ وہاں صرف پیسے کمانے نہیں گئے تھا بلکہ ان کا خیال تھا کہ وہ اپنی اچھی کارکردگی سے سلیکٹرز کی توجہ حاصل کریں گے ، کامران اکمل کو چٹا گانگ وائکنگز کی جانب سے صرف دو میچز کھیلنے کا موقع ملا جس میں ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 12 رنز بنائے ۔

فاسٹ باولر وہاب ریاض نے بتایا کہ بی پی ایل کے دوران ہی یہ فیصلہ کرلیا کہ ڈھاکا میں بیٹھ کر وقت ضائع کرنے سے بہتر ہے گھر واپس چلاجاوں ، وہاب ریاض کو صرف ایک میچ میں جگہ دی گئی جس میں انھوں نے ایک وکٹ حاصل کی تھی ۔ عمر اکمل نے 5 میچوں میں حصہ لے کر 89 رنز بنائے ۔