وزیر اعظم نواز شریف نے 16 دسمبر کو یوم عزم تعلیم کے طور پر منانے اور آرمی پبلک شہدا یونیورسٹی کے قیام کا اعلان کر دیا

اپنے بچوں کے لہو کے ایک ایک قطرے کا حساب لیں گے ، دہشت گردوں کی کمر توڑ دی گئی ہے ۔ اپنی آنے والی نسلوں‌کو دہشت گردی اور جرائم سے پاک پاکستان کا تحفہ دیں‌گے ۔ وزیر اعظم نواز شریف کا تقریب سے خطاب

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 16 دسمبر 2015 13:17

وزیر اعظم نواز شریف نے 16 دسمبر کو یوم عزم تعلیم کے طور پر منانے اور آرمی ..

پشاور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 16دسمبر 2015 ء) : سانحہ اے پی ایس کو ایک سال مکمل ہو گیا ہے ، سانحہ اے پی ایس کے شہدا کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے پشاور میں مرکزی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ملک کی سیاسی اور عسکری قیادت نے شرکت کی . تقریب سے خطاب کے دوران وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ آج سے ایک سال قبل آرمی پبلک اسکول میں المناک حادثہ ہوا، سانحہ اے پی ایس نے سب کو ہلاک کر رکھ دیا ہے، انہوں نے کہا کہ سانحہ کی اطلاع موصول ہوتے ہی میں یہاں پہنچااور میں نے فیصلہ کر لیا کہ ہم اپنے بچوں کے مقدس لہو کے ایک ایک قطرے کا حساب لیں گے، کلیوں کو مسلنے والوں کو ان کے انجام تک پہنچائیں گے کیونکہ انسانوں کا مکالمہ انسانوں کی زبان سمجھنے والوں ہی سے ہو سکتا ہے ۔

اس سانحے کے بعد سیاسی اور عسکری قیادت ایک جگہ مل کر بیٹھی ، معصوم شہیدوں کے لہو نے ہم سب کو ایک کر دیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ اور آپریشن ضرب عضب کے معرکے میں شہیدوں کا لہو بول رہا ہے ،غیر معمولی حالات غیر معمولی تقاضا کرتے ہیں لہٰذا ہم نے فوجی عدالتیں بنائیں اور نیشنل ایکشن پلان تشکیل دیا۔تعلیم کے دشمن انسانیت کے دشمن ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی پر قابو پانے کے ساتھ ساتھ ملک کو توانائی کے بحران سے نکالنےا ور کراچی کو دہشت گردی سے پاک کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں۔ وزیر اعظم نے پر عزم ہوتے ہوئے کہا کہ انشا اللہ ہم اپنی آنے والی نسلوں کو ایک پر امن پاکستان دیں گے جسے قائد اعظم وجود میں لائے تھے ۔ یہاں ہم آہنگی اور اتفاق کے گیت ، اور بھائی چارے کے پھول کھلیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ اس المیے نے ہمیں جوڑ کر ایک دوسرے کے قریب کیا ، ہم پاکستانی قوم کی یکجہتی کے لیے اس واقعہ سے رہنمائی لیں گے ۔ یہ دن ہماری رہنمائی کرے گا ۔ وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ میں ان والدین کے دکھ سے آگاہ ہوں جن کے بچے بچھڑ گئے ، ان کے دلوں کو صبر کی بھی اللہ توفیق عطا فرمائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ شہدا بھی جنت کے باغوں میں ہوں گے کیونکہ ان کے لہو نے پاکستان کو یکجہتی کا ایک اور درس دیا ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا عہد ہے کہ ہم علم کے فروغ میں کوئی کوتاہی نہیں برتیں گے ۔ دہشت گردی سے پاک پاکستان کے عزم میں ہماری عوام بھی قربانیاں دے رہی ہیں۔ پاک فوج کی تعریف کرتے ہوئے وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ پاک فوج نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی زیر صدارت آپریشن ضرب عضب میں دہشت گردوں کے خلاف بے پناہ کامیابیاں حاصل کی ہیں.دہشت گردوں کی پناہ گاہیں اور نفرا اسٹرکچر تباہ ہو گیا ہے. انہوں نے کہا ہمارا دین بھی کہتا ہے کہ شہید کبھی مرتا نہیں، شہدا ہمارے دلوں میں محفوظ اور زندہ رہیں گے ۔

اور ہم ان کے لہو کے ایک ایک قطرے کا حساب لیں گے۔ وزیر اعظم نواز شریف نے اعلان کیا کہ میں 16 دسمبر کو قومی عزم تعلیم کے دن کے طور پر منانے کا اعلان کر دیا۔ تقریب سے خطاب میں وزیر اعظم نواز شریف نے آرمی پبلک شہدا یونیورسٹی کے قیام کا اعلان بھی کیا. اور دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا.