خصوصی افراد کے ”عالمی دن“ پر پاکستان اسٹیل آغوش اسپیشل اسکول کی آرٹس کونسل میں خصوصی تقریب

بدھ 16 دسمبر 2015 16:31

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 دسمبر۔2015ء) ” مجھے یہ جان کر خوشی ہوئی ہے کہ پاکستان اسٹیل آغوش اسپیشل اسکول/ کالج کے خصوصی طلبہ و طالبات میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات میں نہ صرف نمایاں پوزیشن حاصل کررہے ہیں بلکہ اس درس گاہ کے خصوصی طلبہ و طالبات بین الاقوامی سطح پر کھیلوں کے مقابلوں میں بھی اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کر کے پوزیشن اور گولڈ میڈل حا صل کرکے ملک و قوم کا نام روشن کررہے ہیں“ ۔

اِن خیالات کا اظہاروزیراعلیٰ سندھ کے اسپیشل اسسٹنٹ برائے مذہبی اُمور اینڈاوقاف، سینیٹر ڈاکٹر عبدالقیوم سومرونے خصوصی افراد کے ” عالمی دن“ کی مناسبت سے آرٹس کونسل آف پاکستان میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد اہم مصروفیات کے باعث بطور مہمان خصوصی شریک نہیں ہوسکے ہیں اور انہوں نے مجھے یہاں اپنے نمائندے کی حیثیت سے بھیجا ہے۔

(جاری ہے)

سینیٹر ڈاکٹر عبدالقیوم سومرو نے کہا کہ میں اس خصوصی تقریب میں اپنے آپ کو آپ کے درمیان پاکر بے حد خوشی محسوس کررہا ہوں ۔ خصوصی افراد کے عالمی دن کی مناسبت سے پُر وقار تقریب کے انعقاد پر پاکستان اسٹیل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میجر جنرل(ر) ظہیر احمد خان، ڈائریکٹر حدید ویلفیئر ٹرسٹ حامد پرویز ، آغوش اسپیشل اسکول کی پرنسپل محترمہ شہناز حسن اوراساتذہ کرام کو خصوصی سلام پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ میں جلد آغوش اسپیشل اسکول کا دورہ بھی کروں گا۔ انہوں نے پاکستان اسٹیل کی اس کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اسٹیل نے گلشن حدید میں خصوصی بچوں کے لئے ایک” خوبصورت گلشن“ آباد کیا ہے۔اس موقع پر حدید ویلفیئر ٹرسٹ کے ڈائریکٹر حامد پرویز نے کہاکہ سی ای او پاکستان اسٹیل جنرل ظہیر احمد خان کی سرپرستی میں آغوش اسپیشل اسکول/ کالج میں خصوصی طلبا و طالبات کو نہ صرف زیورِ تعلیم و تربیت سے آراستہ کیا جارہا ہے بلکہ انہیں دیگر سہولیات و مراعات بھی دی جارہی ہیں۔

آغوش اسکول کی پرنسپل محترمہ شہناز حسن نے کہا کہ گلشن حدید میں پاکستان اسٹیل کی نئی عمار ت میں 32کمروں پر مشتمل آغوش اسپیشل اسکول / کالج میں انٹر میڈیٹ تک کلاسز ہوتی ہیں جہاں 248 خصوصی طلبہ و طالبات زیر تعلیم و تربیت ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ 2007 ء سے ابتک آغوش اسکول/ کالج کے میٹرک اور انٹر میڈیٹ کے نتائج 100 فیصد رہے ہیں۔قبل ازیں، خصوصی طلبہ و طالبات نے تقاریر، ملی نغمے، ٹیبلوز اور مختلف عنوانات پر ڈرامے پیش کئے جسے حاضرین نے بے حد سراہا اور ان کی خداداد صلاحیتوں کی حوصلہ افزائی کی۔ بعدازاں، مہمان خصوصی سینیٹر ڈاکٹر عبدالقیوم سومرو کو ”اجرک“ کا تحفہ پیش کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :