نغمہ ”بڑا دشمن بنا پھرتا ہے“ کے خالق میجر عمران رضا کا قلم بھی 16دسمبر کو رو دیا

بدھ 16 دسمبر 2015 16:31

نغمہ ”بڑا دشمن بنا پھرتا ہے“ کے خالق میجر عمران رضا کا قلم بھی 16دسمبر ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16دسمبر2015ء) ملی نغمے بڑا دشمن بنا پھرتا ہے کے خالق میجر عمران رضا سانحہ پشاور کے بعد قوم کی آواز بن کر ابھرے۔ سانحہ پشاور گزرا تو جیسے اس لکھاری کا قلم بھی رو دیا۔ یہ 16 دسمبر کی رات تھی جب سردیوں کی نیم شب عمران رضا پر نغمے کا پہلا مصرعہ اترا۔ بڑا دشمن بنا پھرتا ہے جو بچوں سے ڈرتا ہے۔

(جاری ہے)

اس سے پہلے کہ سورج نور اگلتا عمران کا نغمہ مکمل ہوچکا تھا۔

نئے دور کے نغمہ گر عمران رضا نے عزم و حوصلے کا وہ باب رقم کیا جو دشمن کے منہ پر طمانچہ بن کر لگا۔ عمران رضا فوجی ہیں مگر ان کا قلم ہے کسی ہتھیار سے زیادہ کاٹ دار، لفظوں میں وہ غیض و غضب کہ دشمن کا دل بھی تھرا اٹھے۔ شاباش میجر عمران رضا ! تمہارے ملی ترانوں نے قوم کو حوصلہ بخشا۔ ہر رونے والی آنکھ پہ تم نے امید کا دیہ رکھ دیا۔