’’درندگی کے سوداگروں کو نہ معاف کرنا‘‘

قومی اسمبلی میں کرن حیدر کی آزاد نظم نے سب کر رُلا دیا

بدھ 16 دسمبر 2015 18:18

’’درندگی کے سوداگروں کو نہ معاف کرنا‘‘

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 دسمبر۔2015ء) قومی اسمبلی کے اجلاس میں بدھ کو اس وقت آنسو چھلک پڑے جب بلوچستان سے خاتون رکن کرن حیدر نے اپنا لکھا کلام پڑھ کر شہداء اے پی ایس پشاور کو خراج عقیدت پیش کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے اپنی تقریر کے اختتام پر اپنی لکھی ہوئی آزاد نظم پڑھی کہ
میرے وطن کے عظیم بچے‘ شہید بچے‘
علم کی طلب میں گھر سے نکلے
دعائیں دیتی مائیں کہہ رہی تھیں
نہ تم الجھنا نہ چوٹ آئے
اگرچہ میری جان ہے تو میرے وطن
مگر یہ کیا وہ پیارا بچہ‘ دلارا بچہ
لہو لہو میں نہا کے آئے
کتابیں اس کی ‘ یہ اس کا بستہ
لپٹ کے مائیں رو رہی ہیں
تڑپ رہی ہیں‘ سسک رہی ہیں
جو خواب تھے‘ سب بکھر گئے ہیں
پھول ٹہنیوں سے جھڑ گئے ہیں
درندگی کے سوداگروں کو نہ معاف کرنا
میرے پھول بچوں کے لہو کا حساب کرنا‘ حساب کرنا
اس نظم کے دوران کئی ارکان کی آنکھوں سے آنسو چھلک پڑے جنہیں وہ پونچھنے اور دبانے کی کوشش کرتے رہے۔