پاکستان کا دہشتگردی کیخلاف 34ملکی اتحاد کے قیام کاخیرمقدم

اتحاد کی مختلف سرگرمیوں میں شمولیت کے بارے میں فیصلہ مزید تفصیلات آنے پر کیاجائیگا،دفترخارجہ کاردعمل

بدھ 16 دسمبر 2015 19:55

پاکستان کا دہشتگردی کیخلاف 34ملکی اتحاد کے قیام کاخیرمقدم

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 دسمبر۔2015ء) پاکستان نے دہشتگردی کیخلاف 34ملکی اتحاد کے قیام کاخیرمقدم کیا ہے تاہم محتاط رد عمل کااظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ اس اتحاد کی مختلف سرگرمیوں میں شمولیت کے بارے میں فیصلہ مزید تفصیلات آنے پر کیاجائیگا۔دفترخارجہ کے ترجمان خلیل احمد کی طرف سے بدھ کو جاری ہونیوالے بیان میں کہاگیا ہے کہ پاکستان عسکریت پسندی، انتہاپسندی اور دہشتگردی کیخلاف تمام علاقائی وعالمی اقدامات کی مستقل حمایت کرتاہے اور اس ضمن میں عالمی برادری سے مکمل تعاون کیاگیا ہے۔

ترجمان نے کہاکہ اس تناظر میں پاکستان دہشتگردی کیخلاف 34ملکی اتحاد کی تشکیل کاخیرمقدم کرتا ہے اور اتحاد کی مختلف سرگرمیوں میں شمولیت کے بارے میں کسی بھی فیصلے کیلئے مزید تفصیلات کامنتظر ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہاکہ کویت میں اس سال اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کونسل کے 42ویں اجلاس میں بھی اس عزم کااعادہ کیاگیاتھا کہ اقوام متحدہ اور او آئی سی کی دہشتگردی اورانتہاپسندی کیخلاف مختلف قراردادوں پرعمل کیاجائیگا اوراس مقصد کیلئے دہشتگردانہ اورانتہاپسندانہ نظریات کیخلاف علاقائی وعالمی کوششوں پر زوردیاگیاتھا۔

ترجمان نے کہاکہ پاکستان اور سعودی عرب کے قریبی خوشگوار اوربرادرانہ تعلقات ہیں دونوں ممالک دہشتگردی کی مذمت اوراس لعنت کے خاتمے کیلئے اقدامات میں تعاون کرتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :