آرمی پبلک اسکول کے شہداء کیلئے مختلف سیاسی جماعتوں ،سول سوسائٹی کی جانب سے کراچی پریس کلب کے باہر تقریبات کا انعقاد

بدھ 16 دسمبر 2015 19:59

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 دسمبر۔2015ء) سانحہ آرمی پبلک اسکول کے شہید بچوں اور اساتذہ کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے مختلف سیاسی جماعتوں اور سول سوسائٹی کی جانب سے کراچی پریس کلب کے باہر تقریبات کا انعقاد کیا گیا اور ریلیاں نکالی گئیں۔ شرکاء نے شہداء کی تصاویر اٹھا رکھی تھیں ،شہید بچوں کی تصاویر پر گل پاشی کی گئی اور ان کی یاد میں شمعیں روشن کی گئیں۔

شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک سے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف جنگ میں افواج پاکستان کے ساتھ ہیں ، دہشت گردی کا مقابلہ تعلیم کو عام کرکے کیا جائیگااور امن و بھائی چارگی کے لیے کوششیں جاری رکھی جائینگی ۔سانحہ پشاور کے شہداء کے لیے محکمہ سماجی بہبود حکومت سندھ گڈ ورکرز آرگنائزیشن ،مشعل فاؤنڈیشن ،اے اپی ایم ایل کراچی ڈویژن، پاکستان عوامی تحریک، اقلیتی برادری سمیت مختلف سماجی اداروں،سول سوسائٹی کی جانب سے کراچی پریس کلب کے باہر الگ الگ تقریبات کا انعقاد کیا گیا جبکہ اے پی ایم ایل نے شہداء کی یاد میں ریلی نکالی اور تعزیتی تقریب منعقد کی گئی جس سے اے پی ایل اے کے رہنماؤں محمد علی شیروانی ،احمد حسین اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ اے پی ایس کے شہداء نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے ر ملک میں تاریخ رقم کی ہے،قوم ہمیشہ ان کی قربانیوں کو یاد رکھے گی۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے حکومت اور فوج کے ساتھ معاشرے کے تمام طبقات کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔انھوں نے کہا کہ آج کے دن یہ عہد کرنا ہوگا کہ ملک میں تعلیم کو عام کرینگے اور دہشتگردی کا مقابلہ ناخواندہ بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرکے کیا جائیگا۔سانحہ آرمی پبلک اسکول کے شہداء سے اظہار یکجہتی کے لیے پاکستان عوامی تحریک کی جانب سے مظاہرہ کیا گیا ۔

مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ایس ایم ضمیر،سید علی اوسط و دیگر نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اے اپی ایس شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائیگا،ہمیں امن کے پیغام کو عام کرنا ہوگا،دہشت گردی کے خاتمے کیلیے ضروری ہے کہ قومی ایکشن پلان پر عمل درآمد کیا جائے اور ڈاکٹر طاہر القادری امن پسندی کی تعلیمات کو نصاب میں شامل کیا جائے۔

مختلف سماجی تنظیموں اور سول سوسائٹی کے رہنماؤں نیئر قریشی،بشپ اعجاز عنایت،گل ناز برہان الدین ،اسماء انجم ،محبوب اعوان اور شہزاد بٹ سمیت و دیگر نے کہا کہ اے پی ایس پر حملہ کرنے والے امن دشمن دہشتگرد ہیں ،حکومت دہشت گردوں کو عبرت ناک سزا دے۔سیاسی و مذہبی تنظیموں اور سول سوسائٹی نے شہدا ء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں امن کے پیغام کو عام کیا جائے گااو ر سانحہ اے پی ایس کے شہدا کے تعلیم کو عام کرنے مشن کو جاری رکھا جائے گا۔

تقریبات میں بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی بچوں نے اس عزم اعادہ کیا کہ ہم دہشت گردوں ڈرنے والے نہیں ہیں ۔اسلام امن کا پیغام دیتا ہے ہم امن کے پیغام کو عام کریں تعلیم کے زریعے دہشت گردوں کا مقابلہ کریں گے۔تقریبات میں سانحہ اے پی ایس کے شہداء سے اظہار یکجہتی کے لئے ترانے پڑھے گئے۔اس موقع پر خصوصی بچوں نے ٹیبلو پیش کیا۔یوتھ پارلیمنٹ اور چلدڑن فاؤنڈیشن کے تحت سانحہ آرمی پبلک اسکول پشاورکے شہداء سے اظہار یکجہتی کے لیے الگ الگ دعائیہ تقریب منعقد کی گئی۔دعائیہ تقریب میں شہداء کی یاد میں شمعیں روشن کی گئیں۔ اس موقع پر یوتھ پارلیمنٹ کے رضوان جعفرو دیگر نے خطاب کیا اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔

متعلقہ عنوان :