کراچی ،سانحہ پشاورآرمی پبلک سکول،سانحہ ماڈل ٹاؤن لاہور اور سقوط ڈھاکہ تاریخ کے بدترین سانحے ہیں،پاکستان عوامی تحریک

بدھ 16 دسمبر 2015 20:17

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 دسمبر۔2015ء ) پاکستان عوامی تحریک کے زیر اہتمام سانحہ پشاور آرمی پبلک اسکول،سانحہ ماڈل ٹاؤن لاہور اور سقوط ڈھاکہ کے ذمہ داروں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کراچی پریس کلب پر کیا گیا جس میں بڑی تعداد میں عوام نے شرکت کی۔مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے PATمرکزی کور کمیٹی کے ممبر ڈاکٹر ایس ایم ضمیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا سانحہ پشاور میں معصوم پھولوں کی کی جانوں سے کھیلنے والے انسان نہیں درندے تھے ۔

سانحہ پشاور کے ذمہ دار موجودہ حکمران ہیں جب ڈاکٹر طاہر القادری دہشت گردی کے خلاف آپریشن کا مطالبہ کر رہے تھے تو موجودہ حکمران اس وقت مذاکرات کے نام پر دہشت گردوں کی سرپرستی کر رہے تھے۔دہشت گردوں کے خلاف پاک فوج کی قربانیاں لازوال اور تاریخ کا حصہ ہیں انہوں نے کہا حکومت آج بھی نام بدل کر کام کرنے والی دہشت گرد تنظیموں کے خلاف کاروائی کے بجائے انکی سرپرستی کر رہی ہے ۔

(جاری ہے)

موجودہ حکمران اقتدار میں رہے تو سقوط ڈھاکہ سے بھی بڑا نقصان اٹھانا پڑے گا۔PATکراچی کے صدر سید علی اوسط نے خطاب کرتے ہوئے کہا سانحہ پشاورآرمی پبلک اسکول،سانحہ ماڈل ٹاؤن لاہور اور سقوط ڈھاکہ تاریخ کے بدترین سانحے ہیں۔دہشت گردی کے خلاف امن کیلئے قائد انقلاب ڈاکٹر طاہر القادری کی خدمات ناقابل فراموش ہیں انہوں نے کہا دہشت گردی کے خلاف ڈاکٹر طاہر القادری کے امن نصاب کو نصاب میں شامل کیا جائے تاکہ معاشرے سے انتہا پسندی کا خاتمہ ہو۔

انھوں نے کہا وفاق اور سندھ نورا کشتی ختم کر کے نیشنل ایکشن پلان پر عمل کریں۔وزیر اعلیٰ سندھ رینجرز کے اختیارات میں توسیع نہ کر کے نیشنل ایکشن پلان کو متنازع بنا رہے ہیں۔PATکراچی کے جنرل سیکرٹری راؤ کامران نے کہا 17جون ماڈل ٹاؤن لاہور میں پر امن شہریوں پر حکومتی سرپرستی میں ریاستی دہشت گردی کی گئی مگر قاتل آج بھی آزاد ہیں اور اقتدار کے مزے لے رہے ہیں ہمیں آج تک عدلیہ نے انصاف نہیں دیا ۔

ہمارا مطالبہ ہے ماڈل ٹاؤن قتل عام کا کیس فوجی عدالت میں چلایا جائے ۔آرمی چیف ہمارے شہداء کے لواحقین کو انصاف دلائیں۔انہوں نے کہا جمہوریت کا راگ الاپنے والی مفاد پرست جماعتیں سانحہ ماڈل ٹاؤن پر خاموش کیوں ہیں؟قاضی زاہد حسین نے کہا آرمی پبلک اسکول کے بچوں نے ظلمت میں نور کی شمع روشن کی انکی جلائی ہوئی شمع کو ہم بجھنے نہیں دیں گے۔

ظہیر اختر نے کہا کراچی میں رینجرز نے مثالی امن قائم کیا رینجرز کے اختیارات میں توسیع نہ کرنا امن دشمن پالیسی ہے ۔،سید ظفر اقبال نے کہا کٹھ پتلی حکمرانوں کے باعث مشرقی پاکستان جیسے سانحات جنم لیتے ہیں۔مظاہرے سے ، اطہر جاوید صدیقی، سید ظفر اقبال،قیصر اقبال قادری،شہزاد میرٹھی،،بشیر مروت،نعیم اجمیری،عدنان رؤف انقلابی راانی ارشد ،ارم قیصرنے بھی خطاب کیا۔