پاک بھارت سیریز کیلئے انتظامات کا وقت گزر چکا،پی سی بی کو بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے تحریری جواب چائیے‘ شہریار خان

2ہفتے گزز جانے کے باوجود حکومت نے سیریز سے متعلق کوئی جواب کیوں نہیں دیا، سیریز سے متعلق جو بھی فیصلہ کرنا ہو بھارتی حکومت کو جواب دینا چاہئے‘ آئی پی ایل کے چیئرین راجیو شکلا کا اظہار برہمی

بدھ 16 دسمبر 2015 20:34

پاک بھارت سیریز کیلئے انتظامات کا وقت گزر چکا،پی سی بی کو بھارتی کرکٹ ..

لاہور /ممبئی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 دسمبر۔2015ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے پاک بھارت سیریز کے انعقاد سے متعلق تمام امیدیں ختم ہونے کے بعد بالآخر کہہ ہی دہا ہے کہ اب دونوں ممالک کے درمیان سیریز کے لئے انتظامات کا وقت گزر چکا،پی سی بی کو بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے تحریری جواب چائیے۔قذافی اسٹیڈیم لاہور میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے پی سی بی چیئرین شہریار خان کا کہنا تھا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کے حکام کا کہنا ہے کہ انہیں حکومت کی جانب سے سیریز سے متعلق کوئی سگنل نہیں ملا جبکہ انگلش بورڈ کے چیئرمین جائلز کلارک سے کہا ہے کہ پاک بھارت سیریز سے متعلق اپنے ردعمل کا تحریری جواب دیں، بھارت کی جانب سے باقاعدہ جواب آنے کے بعد ہی سیریز سے متعلق اپنے رد عمل کا اعلان کریں گے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب آئی پی ایل کے چیئرین راجیو شکلا نے بھی بھارتی حکومت کی جانب سے جواب نہ آنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 2ہفتے گزز جانے کے باوجود حکومت نے سیریز سے متعلق کوئی جواب کیوں نہیں دیا، سیریز سے متعلق جو بھی فیصلہ کرنا ہو بھارتی حکومت کو جواب دینا چاہئے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی حکومت کے جواب میں پی سی بی کا کیا رد عمل ہو گا اس کا علم نہیں تاہم بھارت کے پاس 30دسمبر کے بعد کھلاڑی دستیاب نہیں ہوں گے کیونکہ کھلاڑیوں نے دورہ آسٹریلیا کے لئے بھی تیاریاں کرنی ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان رواں ماہ دسمبر میں سیریز سے متعلق مفاہمتی یادداشت کے معاہدے پر دستخط ہوئے تھے لیکن اس کے باوجود بھارتی حکومت کی مسلسل ہٹ دھرمی کے باعث سیریز کے انعقاد کی تمام تر امیدیں اب دم توڑ چکی ہیں۔