پریرا کا ڈوپ ٹیسٹ مثبت ، سری لنکن وزیر کھیل نے سازش قرار دیدیا

جمعرات 17 دسمبر 2015 13:06

پریرا کا ڈوپ ٹیسٹ مثبت ، سری لنکن وزیر کھیل نے سازش قرار دیدیا

کولمبو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔17دسمبر۔2015ء) سری لنکا کے وزیر کھیل نے حال ہی میں ڈرگ ٹیسٹ مثبت آنے پر معطل کیے جانے والے قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر کشال پریرا کا دفاع کرتے ہوئے اسے کرکٹر کے خلاف سازش قرار دیا ہے۔دورہ نیوزی لینڈ پر موجود سری لنکن ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز کشال پریرا کا ڈوپ ٹیسٹ مثبت آیا جس پر انہیں دورے کیلئے معطل کردیا گیا ہے۔

وزیر کھیل دیاسری جیاسیکرا نے پارلیمنٹ کو بتایا کہ حکام پریرا کے ٹیسٹ کیلئے ایک دوسرا نمونہ بھیجیں گے اور ان کے دفاع کیلئے جو کچھ ہو سکا وہ کر رہے ہیں۔ ہمیں محسوس ہوتا ہے کہ یہ پریرا کو آئندہ سال ہونے والے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی سے باہر رکھنے کی سازش ہے۔یاد رہے کہ آئندہ سال ہندوستان میں ہونے والے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں دفاعی چیمپیئن سری لنکا فیورٹ ٹیموں میں شامل ہے اور پریرا کی معطلی ان کیلئے ایک بڑا دھچکا ہے۔

(جاری ہے)

جیاسیکرا نے کہا کہ سری لنکن صدر میتھری پالا سری سینا نے پریرا سے ذاتی طور پر بات کی جنہیں دورہ نیوزی لینڈ کے دو ٹیسٹ، پانچ ایک روزہ اور دو ٹی ٹوئنٹی میچوں کیلئے معطل کیا گیا ہے۔پرایرا ڈوپ ٹیسٹ میں ناکامی سے دوچار ہونے والے دوسرے سری لنکن کھلاڑی ہیں، 2011 ورلڈ کپ سے قبل سری لنکن اوپنر اپل تھارنگا کا ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے پر انہیں تین ماہ کیلئے معطل کردیا گیا تھا۔