فی الحال ریسلنگ کو خیر باد کہنے کا کوئی ارادہ نہیں،جان سینا

جمعرات 17 دسمبر 2015 13:14

فی الحال ریسلنگ کو خیر باد کہنے کا کوئی ارادہ نہیں،جان سینا

نیو یارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔17 دسمبر۔2015ء) ہردل عزیز معروف ریسلر اور اداکار جان سینا نے واضح کیا ہے کہ وہ ریسلنگ کی دنیا کو خیرباد کہنے کا ارادہ نہیں رکھتے۔ امریکی روزنامے وال اسٹریٹ جرنل سے اپنی فلم سسٹرز کے حوالے سے انٹرویو کے دوران جان سینا نے کہا کہ ابھی وی ورلڈ ریسلنگ فیڈریشن کو الوداع کہنے کا ارادہ نہیں رکھتے۔

انہوں نے کہا کہ وہ جانتے ہیں کہ میں ایک شعبے میں ہو جہاں وقت محدود ہوتا ہے اور اپنی جسمانی مضبوطی کی موجودہ سطح کو ہمیشہ کے لیے برقرار رکھنا ممکن نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وقت آنے پر مجھے اپنے نئے کردار کا فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ میچز پر کمنٹری ہو یا پردے کے پیچھے جا کر نئے ٹیلنٹ کو فروغ دینا۔ جان سینا نے کہا کہ میں ہمیشہ وہی کام کرنا چاہتا ہوں جس سے ریسلنگ کے شعبے کو فروغ دیا جاسکے کیونکہ میں نے اس کھیل کے باعث بچوں اور خاندانوں کو خوش کیا ہے۔

(جاری ہے)

ان کا مزید کہنا تھا کہ بچوں کے ساتھ بیٹھنا اور بات چیت کرنا سب سے بہترین چیز ہوتا ہے اور میں اس سے منہ نہیں موڑ سکتا لہذا ابھی میں ریسلنگ رنگ سے جدا ہونے کے لیے تیار نہیں۔ جان سینا کے مطابق ریسلنگ کی دنیا سے جو کچھ انہوں نے سیکھا وہ ہالی ووڈ میں ان کے لیے مددگار ثابت ہوگا۔ خیال رہے کہ اس سے پہلے گزشتہ دنوں ایک رپورٹ میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ جان سینا نے ایک رئیلٹی ٹیلیویژن شو کے لیے ریسلنگ کی دنیا سے دوری اختیار کی ہے جو بہت طویل ثابت ہوسکتی ہے۔

ٹی وی شو جان سینا کی جانب سے ہالی ووڈ تک پیشقدمی کے لیے پہلا قدم ہے۔ اگر یہ پروگرام کامیاب ہوا تو وہ ڈبلیو ڈبلیو ای کو خیرباد کہہ کر دی راک کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ہولی وڈ کا رخ کرسکتے ہیں۔ امریکی جریدے فوربز کی اس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جان سینا راک کے مقابلے میں بہت زیادہ تیزی سے ڈبلیو ڈبلیو ای کو چھوڑ کر ہالی ووڈ کے ہو کر رہ جائیں گے۔

رپورٹ کے مطابق سابق ڈبلیو ڈبلیو ای چیمپئن جان سینا شوبز کی دنیا میں اپنا کیرئیر بنانا چاہتے ہیں اور یہ ان کی پرانی خواہش ہے جس کا اظہار ان کی ماضی میں کی گئی فلموں سے بھی ہوچکا ہے۔ خیال رہے کہ جان سینا آخری بار ڈبلیو ڈبلیو ای کے اسٹیج پر رواں سال اکتوبر میں ہونے والے ایونٹ ہیل ان اے سیل میں آخری بار نظر آئے تھے جس میں انہیں البرٹو ڈیل ریو نامی ریسلر کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔