کراچی، ٹڈاپ کرپشن کیس سے مخدوم امین فہیم کا نام خارج ،یوسف رضا گیلانی کی ضمانت میں توسیع

جمعرات 17 دسمبر 2015 13:21

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔17 دسمبر۔2015ء ) اینٹی کرپشن کورٹ نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی نو مقدمات میں ضمانت میں تو سیع کردی جبکہ وفات پا نے والے پی پی پی رہنما امین فہیم کا نام ٹڈاپ اسکینڈل کیس سے خارج کردیا،سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کراچی آپریشن کی مخالف نہیں،شہر میں امن چاہتے ہیں۔

سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی ٹڈاپ اسکینڈل کیس میں اینٹی کرپشن عدالت میں پیشی کے موقع پرجیالوں نے عدالت کے باہر شدید نعرے بازی کی۔ جس پر عدالت نے یوسف رضا گیلانی کے وکیل فاروق ایچ نائیک کو نعرے بازی فوری طور پربند کرانے کا حکم دیا۔عدالت نے کیس کی سماعت کرتے ہوئے نو مقدمات میں یوسف رضا گیلانی کی ضمانت میں اٹھائیس جنوری تک تو سیع کردی جبکہ وفات پاجانے والے پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما مخدوم امین فہیم کا نام ٹڈاپ اسکینڈل کیس سے خارج کردیا۔

(جاری ہے)

ٹڈاپ اسکینڈل میں دس سے زائد افراد نامزد ہیں،جن پرجعلی مہم کے ذریعے اربوں روپے کی کرپشن کا الزام ہے۔عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی کا کہناتھا کہ کراچی میں امن چاہتے ہیں، آپریشن کے مخالف نہیں ہیں۔ شہر کے امن کے لئے ہر قدم اٹھانے کو تیار ہیں۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں حکومت کا ہرطرح ساتھ دے رہے ہیں۔ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ ملک میں جھوٹے سیاسی مقدمات بنانے کا رواج ہے، لیکن عدالتوں کا احترام کرتے ہیں ۔

ہم نے ہمیشہ دہشتگردوں کیخلاف فوجی آپریشن کی حمایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ہی سوات، مالاکنڈ میں فوجی آپریشن کیا اور ہم پر ہی الزام لگا کہ یہ لوگ مذاکرات نہیں کرتے لیکن دہشتگردی کیخلاف جو ہماری پالیسی تھی اسی پر تمام دیگر پارٹیاں چل رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سوات آپریشن کے دوران 25 لاکھ لوگ بے گھر ہوئے اور آپریشن کے بعد 90 روز کے اندر ہی انہیں واپس بھجوادیاگیا۔ کیس کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مجھ پر 21 کیس بنائے گئے جن میں ایک ہی الزام لگایا گیا ہے جبکہ دیگر مقدمات چلانے کیلئے بھی اقدامات کیے جارہے ہیں۔