ایف پی سی سی آئی انتخابات 2016: ڈیرہ اسماعیل خان چیمبر کابزنس مین پینل کی غیر مشروط حمایت کا اعلان

ماضی گواہ ہے ہم نے ہمیشہ بزنس کمیونٹی کی خدمت کی ،آئندہ بھی پہلے والے جذبے کے تحت خدمت کرینگے، سلطان چاولہ/میاں زاہدحسین

جمعرات 17 دسمبر 2015 18:46

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17 دسمبر۔2015ء)ملک کی مختلف تجارتی ایسوسی ایشنوں ا ور چیمبرز کی جانب سے وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت (ایف پی سی سی آئی) کے سالانہ انتخابات برائے 2016کے لیے بزنس مین پینل کی غیر مشروط حمایت کا سلسلہ جاری ہے ۔ ڈیرہ اسماعیل خان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے بھی ایف پی سی سی آئی کے انتخابات برائے 2016کے لیے بزنس مین پینل کی غیر مشروط حمایت کا اعلان کیا ہے ۔

یہ فیصلہ ڈیرہ اسماعیل خان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایک اجلاس میں کیا گیا جس کی صدارت چیمبر کے بانی صدر و گروپ لیڈر صدر ظفر جلیل خان مستی خیل نے کی جبکہ صدر محمد وسیم خان ،ارکان نعیم احمد قریشی ،محمد فخر الدین خان اور محمد اشتیاق بھی اجلاس میں شریک تھے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈیرہ اسماعیل خان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹر کے بانی صدر و گروپ لیڈر ظفر جلیل خان مستی خیل نے کہا کہ تاجروں اور صنعت کاروں کے کاندھوں پر سوار ہو کر اقتدار کے ایوانوں تک پہنچنے والے ایس ایم منیر اقتدار کی غلام گردشوں میں تاجروں اور صنعت کاروں کو ہی بھول بیٹھے ہیں ۔

ان کا یوم حساب قریب آگیا ہے ۔فیڈریشن کے انتخابات میں ملک کے بھر تاجر اور صنعت کار اپنے ووٹ کی قوت سے ایس ایم منیر اور ان کے ٹولے کو عبرتناک شکست سے دوچار کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک سال ایف پی سی سی آئی کا کردار ایک خاموش سے تماشائی سے بڑھ کر کچھ نہیں تھا ۔بزنس کمیونٹی کے اہم ترین مسائل پر کوئی توجہ نہیں دی گئی اور ٹڈاپ کی سی ای او کے عہد ے کو بچانے کے لیے ایس ایم منیر حکمرانوں کے ’’یس مین‘‘ بنے رہے ۔

انہوں نے کہا کہ تبدیلی کا نعرہ لگانے والوں کا بھانڈہ بیچ چوراہے پر پھوٹ چکا ہے اور بزنس کمیونٹی اب اپنے مسائل کے حل کے لیے ایف پی سی سی آئی کے انتخابات میں بزنس مین پینل کے امیدواروں کو کامیاب بنائے گی ۔انہوں نے کہا کہ سینیٹر حاجی غلام ،سلطان چاولہ ،میاں زاہد حسین اور بزنس مین پینل کے دیگر رہنماؤں کی تاجروں اور صنعت کاروں کے لیے خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں ۔

بزنس کمیونٹی پر جب بھی کوئی برا وقت آیا یہ رہنما تاجروں اور صنعتکاروں کے لیے ایک ڈھال بن کرسامنے آئے ۔ملک بھر کے تاجرو صنعتکار ان کو اپنا اصل نجات دہندہ سمجھتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ایس ایم منیر کی جانب سے اسلا م آباد ہائی کورٹ میں یونائیٹڈ بزنس گروپ کو خود ساختہ گروپ قرار دینا اور اس سے اظہار لاتعلقی کردینے سے یونائیٹڈ بزنس گروپ کی آنکھیں کھل جانی چاہئیں ۔

ڈیرہ اسماعیل خان چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے رہنماؤں نے کہا کہ نے کہاکہ بزنس مین پینل نے سنیٹرحاجی غلام علی کو بطورصدارتی امیدوار نامزد کرکے ایک بہترقدم اٹھایا ہے،حاجی غلام علی بزنس کمیونٹی کے مسائل سمجھتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ وہ پہلے بھی ایف پی سی سی آئی کے صدر رہ چکے ہیں ۔ انہوں نے اپنے دورمیں ملکی معیشت اور ایف پی سی سی آئی کی بہتری کے لیے کام کیا اوربزنس کمیونٹی کونہ صرف متحدکیا بلکہ ان کے مسائل بھی احسن طریقے سے حل کیے۔

بزنس مین پینل کے چیئرمین سلطان چاولہ ،فرسٹ وائس چیئرمین میاں زاہدحسین، سندھ ریجن کے چیئرمین ذکریاعثمان،پنجاب ریجن کے چیئرمین میاں انجم نثار،ترجمان شیخ منظرعالم، ثاقب فیاض مگوں اور دیگر نے ڈیرہ اسماعیل خان چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کی جانب سے سینیٹر حاجی غلام علی کی غیرمشروط حمایت کرنے پران کاشکریہ اداکیااور کہاکہ ہماراماضی گواہ ہے کہ ہم نے ہمیشہ بزنس کمیونٹی کی خدمت کی ہے اور آئندہ بھی پہلے والے جذبے کے تحت بزنس کمیونٹی کے مسائل کو ہرفورم پراجاگرکریں گے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے صدارتی امیدوار سینیٹر حاجی غلام علی نے بزنس کمیونٹی کی آواز پر ہمیشہ لبیک کہا ہے اور آئندہ بھی بزنس کمیونٹی کے ہر مسئلے کے حل کے لیے ہر وقت دستیاب ہوں گے ۔