مائیک ہسی اور سری رام کینگروز کو ورلڈ ٹی 20 میں بھارت کی کنڈیشنز میں بہترین کھیل پیش کرنے کے گر سکھائینگے

آسٹریلیا ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں اپنا پہلا میچ 18 مارچ کو نیوزی لینڈ کے خلاف دھرم شالا میں کھیلے گا

جمعرات 17 دسمبر 2015 19:42

مائیک ہسی اور سری رام کینگروز کو ورلڈ ٹی 20 میں بھارت کی کنڈیشنز میں ..

سڈنی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔17 دسمبر۔2015ء) کرکٹ آسٹریلیا نے سابق بلے باز مائیک ہسی اور ہندوستان کرکٹ ٹیم کے سابق آل راوٴنڈر سری دھرم سری رام کو ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2016 میں ہندوستان کی کنڈیشنز میں کھلاڑیوں کو تیاری میں مدد کرنے کے لیے ٹیم کے معاون مقرر کردیا۔سری رام نے 2000 سے 2004 تک ہندوستان کی جانب سے 8 ون ڈے انٹرنیشنل میچ کھیلے اور آسٹریلیا اے ٹیم کے ساتھ دورہ ہندوستان میں کام کرچکے ہیں، انھیں ٹیسٹ ٹیم کے بنگلہ دیش کے خلاف منسوخ دورے سے قبل ٹیم کا معاون مقرر کیا گیا تھا۔

39 سالہ مائیک ہسی 8 مارچ سے شروع ہونے والے ٹورنامنٹ سے قبل جنوبی افریقہ کے خلاف تین وارم میچوں میں بھی ٹیم کے ساتھ ہوں گے اور انڈین پریمئرلیگ(آئی پی ایل) میں حاصل تجربے سے آسٹریلوی ٹیم کی مدد کریں گے۔

(جاری ہے)

کرکٹ آسٹریلیا کے بیان کے مطابق "سری رام کھلاڑیوں کو ہندوستان میں پیش آنے والی مشکلات کے حوالے سے ٹیم کو آگاہ کریں گے جب کہ مائیک ہسی ہمارے ہر طرز کی کرکٹ ٹیم کے کامیاب کھلاڑی رہے ہیں ان کی مدد اور آگاہی گزشتہ ایک سال میں ٹیسٹ اور ون ڈے کرکٹ کھیلنے والے کھلاڑیوں کے فائدہ مند ہوگی'۔

آسٹریلیا نے سال 2015 میں ورلڈ کپ میں فتح اور ٹیسٹ کرکٹ کو ترجیج دینے کی وجہ سے صرف ایک ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلا۔ورلڈ ٹی ٹوئنٹی واحد بڑا بین الاقوامی ٹائٹل ہے جو آسٹریلیا کی دسترس سے باہر رہا ہے، ان کے کھلاڑی ماضی میں برصغیر کی پچوں میں اسپین باوٴلنگ کے خلاف مشکلات کا شکار رہے ہیں۔مائیک ہسی کا کہنا تھا کہ وہ آسٹریلین کھلاڑی ہونے پر فخر محسوس کرتے ہیں اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں اپنی ٹیم کی مدد کرکے خوشی محسوس کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ 'میں لڑکوں کیساتھ کام کرنے، ان کی تیاریوں اور میچ کی منصوبہ بندی میں کسی طرح مدد کرنے کے لیے پرعزم ہوں '۔آسٹریلیا ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں اپنا پہلا میچ 18 مارچ کو نیوزی لینڈ کے خلاف دھرم شالا میں کھیلے گا۔ ۔

متعلقہ عنوان :