کراچی،اینٹی کرپشن عدالت نے یوسف رضا گیلانی کی 9 مقدمات میں حاصل شدہ ضمانت میں توثیق کردی،مرحوم ا مین فہیم کا نام ٹڈاپ اسکینڈل کیس سے خارج

جمعرات 17 دسمبر 2015 19:59

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔17 دسمبر۔2015ء) اینٹی کرپشن عدالت نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی 9 مقدمات میں حاصل شدہ ضمانت میں توثیق کردی،جبکہ وفات پا جانے والے پی پی پی رہنما امین فہیم کا نام ٹڈاپ اسکینڈل کیس سے خارج کردیا۔ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی ٹڈاپ اسکینڈل کیس میں اینٹی کرپشن عدالت میں پیشی کے موقع پرجیالوں نے عدالت کے باہر شدید نعرے بازی کی۔

جس پر عدالت نے یوسف رضا گیلانی کے وکیل فاروق ایچ نائیک کو نعرے بازی فوری طور پربند کرانے کا حکم دیا۔عدالت نے کیس کی سماعت کرتے ہوئے 9 مقدمات میں یوسف رضا گیلانی کی ضمانت میں28 جنوری تک توثیق کردی، جبکہ وفات پاجانے والے پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما مخدوم امین فہیم کا نام ٹڈاپ اسکینڈل کیس سے خارج کردیا۔

(جاری ہے)

ٹڈاپ اسکینڈل میں10 سے زائد افراد نامزد ہیں،جن پرجعلی مہم کے ذریعے اربوں روپے کی کرپشن کا الزام ہے۔

عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی کا کہناتھا کہ کراچی میں امن چاہتے ہیں، آپریشن کے مخالف نہیں ہیں۔ شہر کے امن کے لئے ہر قدم اٹھانے کو تیار ہیں۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں حکومت کا ہرطرح ساتھ دے رہے ہیں۔ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ ملک میں جھوٹے سیاسی مقدمات بنانے کا رواج ہے، لیکن عدالتوں کا احترام کرتے ہیں اور ہمیشہ عدالتوں کا سامنا کیا ہے۔

میڈیا سے گفتگو کے دوران سابق وزیراعظم نیب پربرس پڑے۔ان کا کہنا تھا کہ نیب نے جھوٹے کیس میں5 سال سزا دلوائی لیکن معافی نہیں مانگی۔سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ تمام مقدمات میں ایک ہی الزام عائد کیا گیا ہے۔ 5 سال سزا کے بعد بھی بے قصورثابت ہوا لیکن نیب نے مجھ سے معافی نہیں مانگی بلکہ مجھے اب بھی نیب کی جانب سے نوٹس بھیجے جاتے ہیں۔