مسیحی برادری کے سب سے بڑے تہوار کرسمس کے موقع پر سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کروائے جائینگے ، کمشنر کراچی

جمعرات 17 دسمبر 2015 21:14

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17 دسمبر۔2015ء) کمشنر کراچی شعیب احمدصدیقی نے کہا ہے کہ مسیحی برادری کے سب سے بڑے مذہبی تہوار کرسمس کے موقع پر گرجا گھروں کی حفاظت کیلئے کراچی انتظامیہ کی جانب سے سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کروائے جائینگے یہ بات انہوں نے رکن سندھ اسمبلی عارف بھٹی کی قیادت میں مسیحی برادری کے ایک نمائندہ وفد سے ملاقات کے موقع پر کی ، مسیحی برادری کے نمائندہ وفد نے اپنے مذہبی تہوار کرسمس کے موقع پر کمشنر کراچی کو اپنی گذارشات سے آگاہ کیا ، کمشنر کراچی نے وفد کو کراچی انتظامیہ کی جانب سے بھرپور تعاون کی دہانی کرائی اور کہاکہ کرسمس کے موقع پر سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کروائے جائینگے اور کہا کہ وفد کی طرف سے حساس گرجا گھروں کی فہرست فراہم کر دی جائے تو فراہم کردہ فہرست کے مطابق حساس گرجا گھروں کی حفاظت کیلئے سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کروائے جائینگے ، انہوں نے یہ بھی کہاکہ مسیحی برادری کے مذہبی تہوار سے پہلے مسیحی آبادی والے علاقوں اور عبادات گاہوں کے اطراف میں صفائی ستھرائی کے بھرپور انتظامات بھی کروائے جائینگے انہوں نے مزید کہاکہ کرسمس کے موقع پر مسیح آبادی والے علاقے گرجا گھروں پر کے الیکٹرک سے لوڈ شیڈنگ نہ کر نے کی درخواست کی جائیگی ،کمشنر کراچی اور مسیحی برادری کے نمائندہ وفد سے ملاقات میں اسسٹنٹ کمشنر کی سربراہی میں علاقائی سطح پر اقلیتی کمیٹیاں بنانے پر بھی ااتفاق کیا گیا ۔