بھارتی روایتی ہٹ دھرمی جاری ،کشمیر کو ایک بار پھر اپنا اٹوٹ انگ قرار دیدیا

بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج کا راجیہ سبھا میں بیان

جمعرات 17 دسمبر 2015 21:45

بھارتی روایتی ہٹ دھرمی جاری ،کشمیر کو ایک بار پھر اپنا اٹوٹ انگ قرار ..

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔17 دسمبر۔2015ء )بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے ہٹ دھرمی کا مظاہر ہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کا یہ اصولی موقف ہے کہ آزاد کشمیر اور مقبوضہ کشمیر بھارت کا لازمی حصہ ہیں،پاکستان اور بھارت نے ایک نئی شروعات کرتے ہوئے پرامن طریقے سے تمام تصفیہ طلب مسائل کو حل کرنے کیلئے دوطرفہ جامع مذاکرات پر اتفاق کیا ہے ۔

(جاری ہے)

جمعرات کو بھارتی میڈیا کے مطابق راجیہ سبھا میں اس سوال پر کہ کیا بھارت آزاد کشمیر کا مسئلہ بین الاقومی فورم پر اٹھائے گا سشما سوراج نے اثبات میں جواب دیتے ہوئے کہاکہ جموں وکشمیر کے معاملے پر حکومت کا اصولی موقف ہے کہ ساری ریاست آزاد کشمیر اور جموں کشمیر بھارت کا ایک لازمی حصہ ہے ۔انھوں نے کہاکہ پاکستان اور بھارت نے ایک نئی شروعات کرتے ہوئے پرامن طریقے سے تمام تصفیہ طلب مسائل کو حل کرنے کیلئے دوطرفہ جامع مذاکرات پر اتفاق کیا ہے۔

ایک اور سوال کے جواب میں بھارتی وزیر خارجہ نے کہاکہ پاکستان کے اقوام متحدہ کے مستقل نمائندے نے حال ہی میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے صدر کوجموں وکشمیر کے معاملے پر تین خطوط لکھے ہیں جس میں لائن آف کنٹرول کے ساتھ صورتحال کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔