دہشت گردی کیخلاف رینجرزکا کردارریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، کورکمانڈرکراچی

جمعہ 18 دسمبر 2015 15:27

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 دسمبر۔2015ء) کورکمانڈرکراچی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار نے کہاہے کہ رینجرز کراچی کے عوام کودہشتگردی کیخلاف تحفظ فراہم کرنے میں کردار اداکرتی رہے گی،شہر میں رینجرز کادہشتگردی کیخلاف کردار ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتاہے ۔ کراچی میں امن رینجرز کو دیئے گئے خصوصی اختیارات سے ممکن ہوسکا ہے ۔

جمعہ کو کورکمانڈرکراچی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار نے رینجرز ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا۔

(جاری ہے)

دورے کے دوران انہوں نے ڈی جی رینجرزمیجرجنرل بلال اکبرسے ملاقات کی جس میں کراچی آپریشن اوراس میں حائل رکاوٹوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔بعدازاں آپریشن میں حصہ لینے والے رینجرز افسران سے خطاب کرتے ہوئے کورکمانڈر کراچی نے کہاکہ کراچی میں امن رینجرزکو دیے گئے خصوصی اختیارات سے ہی ممکن ہوسکا ہے۔

کراچی میں رینجرزکا دہشت گردی کے خلاف کردارریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔انہوں نے کہاکہ غیریقینی حالات جرائم پیشہ عناصرکو تقویت دیتے ہیں تاہم رینجرزکراچی کے عوام کودہشت گردی کے خلاف تحفظ میں کردارادا کرتی رہے گی۔اس موقع پر کراچی آپریشن میں حصہ لینے والے افسران نے کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار کو آپریشن کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی دی ۔