قومی کر کٹ ٹیم رواں سال ون ڈے میں خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکی

جمعہ 18 دسمبر 2015 16:48

قومی کر کٹ ٹیم رواں سال ون ڈے میں خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکی

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔18 دسمبر۔2015ء) پاکستان کر کٹ ٹیم کیلئے رواں سال ون ڈے کرکٹ میں مایوسیوں بھرا سال ثابت ہوا، 27 میچز میں سے محض 12 فتوحات ہی ہاتھ آئیں، ان میں سے بھی 5 زمبابوے کی آسان ٹیم کے خلاف تھیں۔تفصیلات کے مطابق ون ڈے کرکٹ میں غیرمعیاریکارکردگی پاکستانی ٹیم کو رینکنگ میں آٹھویں نمبر پر پہنچا چکی ہے،2015 میں کھیل مایوس کن رہا، 27میچز میں سے صرف 12 میں فتح نصیب ہوئی، ان میں سے بھی 5 زمبابوے کی کمزور سائیڈ کے خلاف تھیں، 14میں مات ہوئی جب کہ ایک غیر فیصلہ کن ثابت ہوا، ٹیم کو سال کے اوائل میں نیوزی لینڈ میں 0-2 سے شکست ہوئی، پھر ورلڈکپ کے کوارٹر فائنل میں آسٹریلیا نے 6 وکٹ سے ہرایا، سب سے شرمناک بات بنگلہ دیش میں تینوں میچ ہارنا بنی۔

زمبابوے کو ہوم گراوٴنڈز پر2-0 سے زیر کرنے کے بعد ٹیم نے سری لنکا کو3-0 سے قابو کیا، دورئہ زمبابوے میں سیریز 2-1 سے جیتی، مگر واحد شکست حیران کن قرار پائی، انگلینڈ سے یو اے ای کی سیریز میں گرین شرٹس3-1 سے ناکام رہے۔

(جاری ہے)

رواں برس27میچز میں صرف3 بار ٹیم نے 300کا ہندسہ پار کیا، ان میں سے بھی 2 مرتبہ زمبابوے اور یو اے ای کے کمزور بولنگ اٹیک سامنے تھے۔

بیٹسمینوں میں محمد حفیظ 20میچز میں41.15کی اوسط سے 782 رنز بنا کر پاکستان کے ٹاپ اسکورر ثابت ہوئے۔انھوں نے 5 ففٹیز اور2سنچریاں بنائیں، اظہر علی 775، شعیب ملک607، احمد شہزاد 570 اور سرفراز احمد 551 رنز بنانے میں کامیاب رہے، حفیظ اور اظہر نے 2،2جبکہ شعیب اور سرفراز نے ایک، ایک سنچری بنائی۔ بولرز میں وہاب ریاض نے20میچز میں27.43 کی ایوریج سے32 کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگایا، محمد عرفان 24، راحت علی 18اور یاسر شاہ16 وکٹیں لینے میں کامیاب رہے۔

یاسر نے زمبابوے کیخلاف ہرارے میں26رنز کے عوض 6 وکٹ کی عمدہ پرفارمنس دکھائی، بلال آصف نے بھی اسی حریف پر ہاتھ صاف کرتے ہوئے 5وکٹیں لیں، اتنے کھلاڑیوں کو نشانہ بنانے والے تیسرے بولر سہیل خان نے یہ کارنامہ بھارت کیخلاف انجام دیا۔ رواں برس اظہر علی کی کپتانی میں پاکستان نے17میچز کھیلے مگر صرف7میں جیت ملی، ورلڈکپ تک فرائض انجام دینے والے مصباح الحق کو 9میچز میں محض4 کامیابیاں ملیں، سرفراز نے بطور قائد واحد میچ میں ٹیم کو فتح دلائی۔