کراچی ، ممتاز ڈرامہ نگار اور اداکار کمال احمد رضوی کو سپرد خاک کردیا گیا

جمعہ 18 دسمبر 2015 17:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 دسمبر۔2015ء)ممتاز ڈرامہ نگار اور اداکار کمال احمد رضوی عرف الن کو کراچی کے علاقے ڈی ایچ اےiv کے قبرستان میں سپردخاک کردیا گیا۔قبل ازیں ان کی نمازجناہ کینٹ اسٹیشن بعد نمازجمعہ عسکری مسجدمیں اداکی گئی۔نمازجنازہ میں آرٹس کونسل کے عہدیداروں اورشوبزسے وابستہ افرادکی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔

واضح رہے کہ نصف صدی سے زائد عرصے تک اپنے چبھتے ہوئے مکالموں اور اسٹیج اور ٹی وی پر اپنی بے ساختہ اداکاری سے شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والے ممتاز اداکار، تھیٹر اور ٹی وی کے نامور ڈرامہ نگار و ہدایتکار کمال احمد رضوی 85 برس کی عمر میں گزشتہ روز کراچی میں انتقال کرگئے۔کروڑوں اداس چہروں پر مسکان بکھیرنے والا الن اپنے جگری دوست ننھا کے پاس چلا گیا۔

(جاری ہے)

الف ، نون،الن ننھا کے خالق پاکستان ٹی وی کو شہرت کے آسمان پر پہنچانے والے ممتاز اداکار، ڈرامہ نویس، ہدایتکار کمال احمد رضوی عرف الن 1930 میں بہار میں پیدا ہوئے۔1951 میں پاکستان آئے،کچھ عرصہ کراچی میں قیام کے بعد لاہور منتقل ہوگئے۔1958 میں تھیٹر سے اپنے فنی کیریر کا آغاز کیا۔1965 میں پاکستان ٹیلی ویژن لاہور مرکز سے الف نون ڈرامہ شروع کیا، مرکزی کرداروں میں الن کا کردار خود ادا کیا، جب کہ دوسرے کردار ننھے کے لیے رفیع خاور نے کردار ادا کیا۔

الف نون ڈرامے نے شہرت کی بلندیوں کا چھوااور یہ ڈرامہ کئی بار ٹیلی کاسٹ کیا گیا، اسکے علاوہ ان کے تھیٹر اور ٹی وی مشہور ڈراموں میں مسٹر شیطان ، آدھی بات، بادشاہت کا خاتمہ، کھویا ہوا آدمی، ہم سب پاگل ہیں اور آپ کا مخلص شامل ہیں جن میں بیشتر ڈارمے کے ڈرامہ نگار اور ہدایتکار کے فرائض بھی انہوں نے خود ہی ادا کیے۔فنون لطیفہ سے ان کی گہری وابستگی تھی، یہی وجہ تھی کے وہ ریڈیو پر لکھنے کے علاوہ مختلف رسائل کی ادارت بھی کرتے رہے۔بے پناہ صلاحیتوں کے اعتراف میں حکومت کی جانب سے انہیں 14 اگست 1989 میں صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سے بھی نوازا گیا۔