قومی احتساب بیورو خیبر پختونخوا نے سابق وزیر اعلیٰ امیر حیدر ہوتی کے خلاف گھیرا تنگ کر دیا

جمعہ 18 دسمبر 2015 19:38

قومی احتساب بیورو خیبر پختونخوا نے سابق وزیر اعلیٰ امیر حیدر ہوتی کے ..

پشاور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔18 دسمبر۔2015ء) قومی احتساب بیورو خیبر پختونخوا نے سابق وزیر اعلیٰ امیر حیدر ہوتی کے خلاف گھیرا تنگ کر دیا‘ امیر حیدر ہوتی کے اثاثوں میں دوران حکومت اضافہ ہوا‘ سابق وزیر اعلیٰ سے تحقیقات کیلئے کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی۔ نیب خیبر پختونخوا نے سابق وزیر اعلیٰ امیر حیدر ہوتی کے خلاف تحقیقات کا دائرہ کار وسیع کر دیا ہے۔

عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما اور سابق وزیر اعلیٰ امیر حیدر ہوتی کے اثاثوں کی تحقیقات کیلئے قومی احتساب بیورو نے کمیٹی تشکیل دیدی ہے۔ کمیٹی سات ارکان پر مشتمل ہے جس میں انویسٹی گیشن آفیسر سمیت لیگل آفیسر اور بینکنگ ایکسپرٹ بھی شامل ہیں۔ چھ افراد پر مشتمل یہ کمیٹی سابق وزیر اعلیٰ امیر حیدر ہوتی کے خیبر پختونخوا اور دبئی سمیت ملائشیا میں اثاثوں سے متعلق ہے اور ان سے اسی معاملے پر تحقیقات کرے گی۔

(جاری ہے)

نیب ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ سابق وزیر اعلیٰ امیر حیدر ہوتی کے اثاثوں میں اضافہ ان کے دور وزارت اعلیٰ کے دوران ہوا۔ نیب نے امیر حیدر ہوتی کی جانب سے اپنے دور حکومت میں الیکشن کمیشن کو دئیے جانیوالے اور موجودہ گوشوارے بھی حاصل کر لئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق دسمبر کے آخری ہفتے تک امیر حیدر ہوتی کو نوٹس بھی جاری کیا جائیگا اور انہیں تحقیقات کیلئے نیب خیبر پختونخوا طلب کیا جائے گا۔