مصباح الحق کا پاکستان سپر لیگ میں ’آئیکون‘ کرکٹرز کے انتخاب میں غیرملکی کرکٹرز کو ترجیح دینے پربورڈ سے سخت احتجاج

جمعہ 18 دسمبر 2015 21:40

مصباح الحق کا پاکستان سپر لیگ میں ’آئیکون‘ کرکٹرز کے انتخاب میں غیرملکی ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 دسمبر۔2015ء) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے پاکستان سپر لیگ میں ’آئیکون‘ کرکٹرز کے انتخاب میں پاکستانی کرکٹرز پر غیرملکی کرکٹرز کو ترجیح دیے جانے پر پاکستان کرکٹ بورڈ سے سخت احتجاج کیا ہے۔پاکستان سپر لیگ کے لیے جن پانچ ’آئیکون‘ کرکٹرز کا انتخاب کیا گیا ہے ان میں پاکستان کے صرف دو کرکٹرز شاہد آفریدی اور شعیب ملک شامل ہیں جبکہ تین غیرملکی کرکٹرز کرس گیل، کیون پیٹرسن اور شین واٹسن کو آئیکون کرکٹرز کے طور پر رکھا گیا ہے۔

اس کے برعکس مصباح الحق اور محمد حفیظ جیسے پاکستانی کرکٹرز حیران کن طور پر ’آئیکون‘ درجے سے محروم رہے ہیں۔پاکستان سپر لیگ کے پہلے ایڈیشن کے مقابلے آئندہ سال چار سے 23 فروری تک دبئی اور شارجہ میں منعقد ہوں گے۔

(جاری ہے)

غیرملکی میڈیا کے مطابق مصباح نے اس ضمن میں پاکستان سپر لیگ کے اعلی افسران سے بھی بات کر کے اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا ہے۔

ان کا موقف ہے کہ یہ پاکستان کی لیگ ہے اور پاکستان کرکٹ بورڈ کو اس میں اپنے کرکٹرز کو فوقیت دینی چاہیے تھی۔یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ پاکستان سپر لیگ کے افسران نے مصباح الحق کو یہ کہہ کر قائل کرنے کی کوشش کی کہ غیرملکی کھلاڑیوں کو’آئیکون‘ درجہ دیے جانے کے باوجود پاکستان سپر لیگ میں پانچوں ٹیموں کی قیادت پاکستانی کرکٹرز ہی کریں گے تاہم گذشتہ دنوں پاکستان سپر لیگ کی ورکشاپ میں یہ بات واضح طور پر کہی گئی تھی کہ ’آئیکون‘ کرکٹرز ہی اپنی اپنی ٹیموں کے کپتان ہوں گے۔

غور طلب بات یہ ہے کہ اس وقت دنیا میں جتنی بھی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ لیگز کھیلی جا رہی ہیں ان میں آئیکون کرکٹرز ان ملکوں کے اپنے کرکٹرز کو بنایا جاتا ہے جو ان کی خدمات کا اعتراف ہوتا ہے اور وہی کرکٹرز اپنی اپنی ٹیموں کی کپتانی بھی کرتے ہیں۔اس ضمن میں سب سے بڑی مثال بھارت میں راہول ڈراوڈ اور انیل کمبلے کی ہے جنھیں ٹی 20 کے سپیشلسٹ کرکٹرز نہ ہونے کے باوجود آئی پی ایل میں آئیکون کرکٹرز بنایا گیا تھا۔اسی طرح بنگلہ دیش میں کھیلی گئی حالیہ لیگ میں کرس گیل بنگلہ دیشی کھلاڑی محمود اﷲ کی کپتانی میں کھیلے جبکہ عصر حاضر کے سب سے کامیاب بیٹسمین اے بی ڈی ویلیئرز آئی پی ایل میں وراٹ کوہلی کی کپتانی میں کھیل چکے ہیں۔